چین کے جنوب مغربی صوبے سیچوان میں ا زلزلہ، 12افراد ہلاک، 134زخمی

چین کے جنوب مغربی صوبے سیچوان میں ا زلزلہ، 12افراد ہلاک، 134زخمی
کیپشن: فائل فوٹؤ


بیجنگ:  چین کے جنوب مغربی صوبے سیچوان میں ریکٹر سکیل پر 6 درجے شدت کے زلزلے کے نتیجہ میں 12افراد ہلاک اور 134زخمی ہو گئے۔

فرانسیی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چینی صوبے سیچوان کے جنوب مغربی شہر یائی بین کے قریب پیر کی درمیانی شب ریکٹر سکیل پر چھ درجے کی شدت کا زلزلہ آیا ۔ زلزلے کے باعث درجنوں عمارتیں منہدم ہو گئیں، امدادی کارکن ملبے تلے دبی نعشوں اور زخمیوں کو نکالنے میں مصروف ہیں اور 4 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔

چین کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق سیچوان صوبے کی چینجنگ کاﺅنٹی میں زلزلے سے ایک عمارت کی چھت پر بجلی کاکھمبا گرنے سے پوری عمارت تباہ ہو گئی جبکہ متعدد شاہراہوں میں شگاف پڑ گئے جس کے باعث یائی بین اور ژویونگ کاﺅنٹی سے منسلک سب سے بڑی شاہراہ کو بند کر دیا گیا۔چینی خبر رساں ادارے کے مطابق صوبائی دارالحکومت چینگڈو میں زلزلے سے ایک منٹ قبل پیشگی وارننگ الارم بجایا گیا جو زلزلے کے یائی بین سے ٹکرانے سے قبل 10سیکنڈ تک بجا، یہ الارم 3 سیکنڈ پہلے بجایا جاتا تو 14فیصد اموات سے بچا جا سکتا تھا۔

یائی بین حکومت نے اپنے وائیبو اکاﺅنٹ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ زلزلے کے باعث گزشتہ رات 6 ہلاکتیں ہوئیں جس میں اضافہ ہونے کے بعد چینجنگ کاﺅنٹی میں ہلاکتوں کی تعداد 9 اورچی شیان کاﺅنٹی میں3 اموات ہو چکی ہیں۔ ادارے کے مطابق 50 سے زائد افراد کو شہر کے 2 ہسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جبکہ 500 سے زائد فائر فائٹرز کو موقع پر روانہ کر دیا گیا ہے .

جبکہ زلزے سے متاثرہ افراد کے لئے 5 ہزار ٹینٹ، 10ہزار فولڈنگ چارپائیاں اور دیگر امدادی اشیاءبھی بھیج دی گئی ہیں۔ علاقے میں آفٹر شاکس بھی محسوس کئے گئے جس میں سب سے زیادہ شدید 5.1 درجے کا تھا ۔ امریکی جیولوجیکل سروے نے زلزلے کی شدت 5.8 درجے ریکارڈ کی ہے۔