منی لانڈرنگ کیس، زرداری نیب کی بدنیتی ثابت کرنے میں ناکام رہے، تفصیلی فیصلہ

منی لانڈرنگ کیس، زرداری نیب کی بدنیتی ثابت کرنے میں ناکام رہے، تفصیلی فیصلہ
کیپشن: ملزمان کو دستاویزات سے سامنا کروانا اور کڑیاں جوڑنا ضروری ہوتا ہے، عدالت۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ سوشل میڈیا

اسلام آباد: آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت مسترد کرنے سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ نے 7 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آصف زرداری میگا منی لانڈرنگ کیس میں نیب کی بدنیتی ثابت کرنے میں ناکام رہے۔ نیب کے مطابق منی ٹریل کا براہ راست تعلق آصف علی زرداری سے ہے۔

نیب کو تحقیقات کے لیے آصف زرداری کی حراست درکار ہے اور دیگر جرائم کی طرح وائیٹ کالر کرائم کا سراغ لگانا آسان نہیں۔ ملزمان کو دستاویزات سے سامنا کروانا اور کڑیاں جوڑنا ضروری ہوتا ہے۔

تفصیلی فیصلے میں مزید کہا گیا کہ احتساب عدالت میں جمع کرائے گئے مچلکے صرف حاضری کے لیے ہیں۔ سیکشن 91 کے مچلکے نیب کو گرفتاری سے نہیں روک سکتے۔ نیب میگا منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کر رہا ہے، اورکیس کی تحقیقات جاری ہوں تو چیئرمین نیب کو ملزم کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا اختیار ہے۔ عبوری ریفرنس دائر ہونے پر چیئرمین نیب کا ملزم کے وارنٹ جاری کرنے کا اختیار ختم نہیں ہوتا اور صرف غیر معمولی حالات میں ہی ملزم کو ضمانت دی جا سکتی ہے۔