پاکستان اور روس کا علاقائی تناظر میں قریبی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

پاکستان اور روس کا علاقائی تناظر میں قریبی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق
کیپشن: دونوں وزرائے خارجہ نے حالیہ مثبت پیشرفت کے تناظر میں افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان اور روس نے علاقائی تناظر میں اہم اور دو طرفہ ایجنڈے اور قریبی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔روس کے وزیر خارجہ سرگئی لیوروف کے ساتھ ٹیلیفون پر بات چیت میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے زور دیا کہ پاکستان روس کو ایک اہم شراکت دار سمجھتا ہے اور اس کے ساتھ طویل مدتی اور کثیر جہتی شراکت داری کو آگے بڑھانا چاہتا ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ نے کورونا وائرس کی عالمی وبا، کثیر جہتی امور پر تعاون دو طرفہ تعاون میں اضافے کے پہلوؤں اور علاقائی امور سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کورونا وائرس کی وجہ سے روس میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کی۔

وزیر خارجہ نے روسی ہم منصب کو وزیراعظم عمران خان کی ترقی پذیر ملکوں کے لئے قرضوں کی ادائیگی میں سہولت کےلئے عالمی اقدام کے بارے میں اپیل سے آگاہ کیا۔ روسی وزیر خارجہ نے قرضوں کی ادائیگی میں سہولت کی حمایت کرتے ہوئے اس حوالے سے مثبت کردار ادا کرنے کا یقین دلایا۔

مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے بھارتی فوج کی جانب سے جاری دوہرے لاک ڈاؤن، پرتشدد فوجی کارروائیوں اور مقبوضہ وادی میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی سازشوں پر گہری تشویش ظاہر کی۔

انہوں نے اس سنگین صورتحال کو ختم کرنے کےلئے فوری اقدامات کی اہمیت پر زوردیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے حالیہ مثبت پیشرفت کے تناظر میں افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

شاہ محمود قریشی نے افغانوں کے زیر قیادت امن عمل کے لئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا اور امریکہ طالبان امن معاہدے کے لئے پاکستان کے مثبت کردار پر زور دیا۔