لاہور کی جامع مسجد کے خطیب حالت سجدہ میں خالق حقیقی سے جا ملے

لاہور کی جامع مسجد کے خطیب حالت سجدہ میں خالق حقیقی سے جا ملے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر (فائل فوٹو)

لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور کی ایک جامع مسجد کے خطیب نماز جمعہ سے قبل مسجد کے اندر حالت سجدہ میں خالق حقیقی سے جا ملے جن کی نماز جنازہ جامعہ اشرفیہ فیروزپور روڈ لاہور میں ادا کردی گئی ہے۔ 
نجی ٹی وی کے مطابق لاہور ڈیفنس فیز تھری بلاک ایکس میں واقع جامع مسجد کے خطیب مولانا عمر ابراہیم محراب کے اندر سنتیں پڑھنے کے دوران انتقال کرگئے۔ مسجد میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خطیب مسجد محراب کے اندر سنتوں کی ادائیگی میں مصروف تھے کہ اس دوران وہ حالت سجدہ میں گئے اور دوبارہ نہیں اٹھے۔ 
رپورٹ کے مطابق وہاں موجود ایک دوسرے شخص نے محسوس کیا کہ ان کی طبیعت کچھ خراب ہے تو وہ فوراً انہیں اٹھانے گیا تاہم ان کا جسم ڈھیلا پڑچکا تھا جس پر مزید لوگ جمع ہوئے اور انہیں ہسپتال لے جایا گیا جہاں ان کے انتقال کی تصدیق ہوئی اور پھر جامعہ اشرفیہ فیروزپور روڈ لاہور میں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔