وفاقی وزیر فواد چودھری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مزید بڑھنے کا عندیہ دیدیا  

Federal Minister Fawad Chaudhry hinted at further rise in prices of petroleum products
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے کا تعلق گورننس سے نہیں ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فواد چودھری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ دنوں قومی اسمبلی میں پیش آنے والا واقعہ افسوسناک ہے، ہمیں قوانین میں ترامیم کی ضرورت ہے۔

فواد چودھری نے اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کی تقریر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے انہوں نے بجٹ نہیں پڑھا، بچوں کے دودھ پر تو ٹیکس ہے ہی نہیں، چیئرمین پیپلز پارٹی پر بھی طنزیہ جملے کستے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری نے کبھی کچھ نہیں پڑھا، بجٹ کیا پڑھنا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میاں شہباز شریف نے انتخابی اصلاحات پر فوکل پرسن مقرر نہیں کیا، ہم اپوزیشن کو کئی بار مذاکرات کی پیشکش کر چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پٹرول قیمتوں کا گورننس سے کوئی تعلق نہیں، پٹرول کی عالمی قیمت میں اضافے پر ہمیں بھی بڑھانی پڑے گی، انہوں نے اس بات کو تسلیم کیا کہ ڈیزل مہنگا ہونے سے زندگی کے معمولات پر اثر پڑتا ہے۔

خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 2 روپے 13 پیسے فی لیٹر تک اضافہ کر دیا ہے۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کی سمری بھجوائی گئی تھی جس پر حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 2 روپے 13 پیسے فی لیٹر تک اضافے کا فیصلہ کیا۔

حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپ 13 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 110 روپے 70 پیسے ہو گئی ہے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت ایک روپے 79 پیسے اضافے کے ساتھ 112 روپے 55 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی ایک روپے 89 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 81 روپے 89 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 3 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے اور لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 79 روپے 68 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔