ترکی :وزیر خارجہ سے فلسطینی ہم منصب کی ملاقات

ترکی :وزیر خارجہ سے فلسطینی ہم منصب کی ملاقات
سورس: file

 اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی ترکی میں انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر  فلسطینی وزیر خارجہ ڈاکٹر ریاض المالکی سےملاقات کی ۔ملاقات میں فلسطین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ریاض المالکی نے فلسطین میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا۔وزیر خارجہ کی ملائشین ہم منصب سے بھی ملاقات کی۔

نیو نیوز کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور   فلسطینی وزیر خارجہ کے درمیان ملاقات  میں دو طرفہ تعلقات ، خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فلسطین کا قضیہ مشرق وسطی میں بے چینی کی بنیادی وجہ ہے۔ 

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، 1967 سے قبل کی سرحدی صورت حال اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کا حامی ہے، پاکستان، فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کی حمایت کرتا ہے ،وزیر خارجہ نے فلسطینی ہم منصب کو، مسئلہ فلسطین کے پر امن حل کیلئے پاکستان کی جانب سے کی گئی سفارتی کاوشوں سے آگاہ کیا۔

وزیرخارجہ نے فلسطین کے مسئلے پر  او آئی سی اور عرب لیگ کی کاوشوں کو سراہا۔وزیر خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان، پاکستانی قیادت اور عوام کی جانب سے فلسطینی قیادت کے ساتھ اظہار یکجہتی کے بارے میں بتایا۔،وزیر خارجہ نے شرٹ کاتحفہ فلسطینی وزیر خارجہ کو پیش کیا جس پر تحریر تھا "اے ارض_فلسطین میں بھی حاضر ہوں"

 فلسطینی وزیر خارجہ نے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے پاکستان کے واضح، دو ٹوک اور اصولی موقف کو سراہتے ہوئے، علاقائی اور عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی معاونت پر پاکستان کی قیادت اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔وزیر خارجہ نے فلسطینی وزیر خارجہ کو دورہ  پاکستان کی دعوت  دی جسے انہوں نے شکریے کے ساتھ قبول کیا۔