فیس بک نے نئے ایڈمن ٹولز متعارف کروا دئیے

فیس بک نے نئے ایڈمن ٹولز متعارف کروا دئیے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: سماجی رابطوں کی سب سے معروف ویب سائٹ فیس بک نے آن لائن کمیونیٹیز کو کنٹرول کرنے کیلئے ایک نیا ایڈمن ٹول متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے پوسٹس پر کئے گئے کمنٹس کو کنٹرول کیا جا سکے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق ایڈمن اب آن لائن کمیونیٹیز کے کسی بھی ایسے ممبر پر پابندی لگاسکتے ہیں جنہوں نے گروپ کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی ہو، اس پابندی کے تحت ایسا ممبر فیس بک پیجز اور گروپ میں فعال رہنے کا اہل نہیں رہے گا۔ 
نئے ٹول کے تحت فیس بک کی جانب سے اب ایڈمن کو ایسے تبصروں پر بھی پابندی لگانے کی اجازت دیدی گئی ہے جنہیں وہ اپنے گروپ میں ظاہر نہیں ہونے دینا چاہتے جبکہ ان ٹولز کے ذریعے ایڈمن کو پوسٹ میں ایڈٹ کرتے ہوئے اسے ری پوسٹ کرنے کا اختیار بھی دیا گیا ہے۔ 
ایڈمن فیس بک پر ایک معیار تشکیل دیتے ہوئے شیئر کئے جانے والے غیر متعلقہ مواد اور تنازعات کوکنٹرول کرسکتے ہیں، اس کے علاوہ ایڈمن کو اب کسی بھی پوسٹ کو ان ڈو کرنے یا وقت کے ساتھ اس میں تبدیلی کابھی اختیار دیا گیا ہے۔
فیس بک کی جانب سے شامل کئے جانے والے ایک نئے ٹول کے مطابق ایڈمن کو اختیاردیا گیا ہے جس کے تحت وہ یہ فیصلہ کرسکے گا کہ گروپ میں کتنے لوگ تبصرہ کریں اور ساتھ ہی مخصوص پوسٹس پر کوئی ایک ممبر کتنی مرتبہ تبصرہ کرسکے گا۔