پاکستان میں 5G اگلے سال دسمبر میں لانچ ہو جائے گا: وفاقی وزیر آئی ٹی

پاکستان میں 5G اگلے سال دسمبر میں لانچ ہو جائے گا: وفاقی وزیر آئی ٹی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) امین الحق نے کہا ہے کہ پاکستان میں اگلے سال دسمبر میں 5 جی لانچ ہوجائے گا، پاکستان نے موبائل فونز خود بنانا شروع کردیا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ لوگ سستے سمارٹ فونز استعمال کر سکیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بہت آگے بڑھ گئی ہے ہمیں بھی ترقی کرنی ہوگی اور اس مقصد کیلئے مصنوعی ذہانت سمیت دیگر ٹیکنالوجیز پر کام ہو رہا ہے۔ 
بجٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے امین الحق کا کہنا تھا کہ بجٹ میں ٹیلی کام کو انڈسٹری کا درجہ دیا گیا ، ووہولڈنگ ٹیکس 12.50 سے کم ہوکر 10فیصد اور سیلز ٹیکس کم کرواکر 16فیصد کروایا، ایف بی آر نے موبائل کال پر ٹیکس لگایا تو ہم نے اعتراض کیا اور وزیراعظم سے اس معاملے پر بات کر کے فوری طور پر اسے ختم کروایا۔ 
وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نے بتایا کہ ڈیجیٹل پاکستان کا مقصد کنیکٹیوٹی ہے ، 2سال میں 31ارب روپے کنیکٹیوٹی پر خرچ کئے جس سے معاملات بہتر ہوئے ، 20ارب روپے مزید کنیکٹیوٹی کیلئے مختص کئے گئے ہیں، 2018ءتک پاکستان میں 17کروڑ سمارٹ فونز تھے اور اب 18کروڑ سے زائد لوگوں کے پاس سمارٹ فونز ہیں جبکہ براڈ بینڈ کنکشنز7 کروڑ سے بڑھ 10 کروڑ ہو چکے ہیں۔ 
امین الحق نے کہا کہ کابینہ اجلاس اب پیپر لس ہورہے ہیں اور جلد ہی قومی اسمبلی اور سینٹ اجلاس بھی پیپر لیس ہوں گے جس کے بعد جنوری 2023ءتک پارلیمینٹ کو بھی پیپرلس کردیں گے، اگلے سال دسمبر میں 5G پاکستان میں لانچ ہوجائے گا، ہم نے موبائل فونز خود بنانا شروع کردیا ہے ، ہماری خواہش ہے کہ لوگ سستے سمارٹ فونز استعمال کرسکیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارک پر کام کررہے ہیں ، اسلام آباد میں آئی ٹی پارک کی بنیاد رکھ دی گئی ہے ، کراچی میں آئی ٹی پارک کیلئے سول ایوی ایشن سے 7ایکٹر زمین حاصل کی گئی ، 31 ارب روپے کی لاگت سے کراچی میں پہلی آئی ٹی پارک بنائی جائے گی۔