حسن علی کے کرکٹ کیرئیر کا یادگار لمحہ کون سا ہے؟ انکشاف کر دیا

حسن علی کے کرکٹ کیرئیر کا یادگار لمحہ کون سا ہے؟ انکشاف کر دیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ابوظہبی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی نے کہا ہے کہ چیمپینز ٹرافی جیتنا ہم سب کیلئے خاص اور یادگار لمحہ تھا، میرا پہلا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایونٹ تھا جس کا بہترین باؤلر بنا، یہ میرے لئے بہت ہی یادگار تھا۔ 
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے حسن علی نے کہا ہے کہ میں ٹی 20 ورلڈکپ میں بھی ایسی ہی کارکردگی دکھانے کا خواہشمند ہوں جبکہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بقیہ میچز کھیلنے کے باعث مختصر طرز کرکٹ کے ورلڈکپ کی تیاری کا اچھا موقع میسر آیا ہے۔ 
انجری کے باعث کرکٹ سے دوری کے وقت کو یاد کرتے ہوئے حسن علی نے کہا کہ عزیز ترین کھیل سے دوری بہت مشکل تھی اور میں اکثر یہ سوچ کر روتا تھا کہ اب کیا ہو گا، ایسے میں میری اہلیہ اور بھائی نے میری بہت حوصلہ افزائی کی اور آج میں ایک بار پھر فٹ ہوں اور میدان میں کارکردگی دکھا رہا ہوں۔ 
فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں باؤلرز کے درمیان کافی اچھا مقابلہ ہے اور میری کوشش ہے کہ ایونٹ کے اختتام پر بہترین باؤلر کا اعزاز حاصل کروں، میری ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ مومینٹم حاصل کر چکی ہے اور ہم تیسری مرتبہ ٹرافی جیتنے کیلئے پرامید ہیں۔