رافیل نڈال کا ویمبلڈن اور ٹوکیو اولمپکس 2020ءمیں حصہ نہ لینے کا فیصلہ

رافیل نڈال کا ویمبلڈن اور ٹوکیو اولمپکس 2020ءمیں حصہ نہ لینے کا فیصلہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

میڈرڈ: سپین کے معروف ٹینس سٹار اور عالمی نمبر 3 رافیل نڈال نے رواں سال ہونے والے ویمبلڈن اور ٹوکیو اولمپکس 2020ءگیمز میں حصہ نہ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔ 
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 20 مرتبہ کے گرینڈ سلیم فاتح نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میں سمجھتا ہوں مجھے سرخ مٹی(کلے کورٹ) پر کھیلے گئے طویل سیزن کے بعد آرام کی ضرورت ہے۔ 2008ءاور 2010ءمیں ویمبلڈن جیتنے والے رافیل نڈال کو گزشتہ ہفتے ہی فرنچ اوپن میں سربیا کے نوواک جوکووچ کے ہاتھوں سیمی فائنل میں شکست ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ فرنچ اوپن سرخ مٹی کے کورٹ میں کھیلا جاتا ہے جبکہ ویمبلڈن میں گھاس کا کورٹ ہوتا ہے۔ 35 سالہ رافیل نڈال کا کہنا تھا کہ یہ ایک سخت فیصلہ ہے تاہم اپنے جسم کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے ٹیم سے بات کرنے کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ میرا فیصلہ درست ہے جس کا مقصد میرے کیریئر کو بڑھانا ہے اور وہ جاری رکھنا ہے جس سے میں خوش رہ سکوں۔
واضح رہے کہ ویمبلڈن رواں ماہ 28 جون سے شروع ہوکر11 جولائی تک جاری رہے گا جبکہ ٹوکیو اولمپکس بھی 23 جولائی سے شیڈول ہیں، دنیائے ٹینس کا قدیم ترین ایونٹ ویمبلڈن اور ٹوکیو اولمپکس گزشتہ سال کورونا وائرس کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا۔