بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے نیپرا کو درخواست دیدی گئی

بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے نیپرا کو درخواست دیدی گئی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے مئی کے مہینے کیلئے بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں درخواست جمع کرا دی ہے ۔ 
تفصیلات کے مطابق سی پی پی اے کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ گزشتہ ماہ 12 ارب 67 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی جس پر 73 ارب 62 کروڑ روپے لاگت آئی جبکہ سب سے مہنگی بجلی 21 روپے 68 پیسے میں ڈیزل سے پیدا کی گئی۔
درخواست میں کہا گیا کہ 14 روپے 33 پیسے فی یونٹ میں فرنس آئل پربجلی پیدا کی گئی اور ایل این جی پر10 روپے 4 پیسے فی یونٹ پربجلی پیدا ہوئی جبکہ ایٹمی بجلی کی پیداواری لاگت 1 روپے 13 پیسے فی یونٹ رہی اور13 پیسے فی یونٹ بجلی لائن لائسزکی نظرہوئی۔
سی پی پی اے نے نیپرا کو بجلی کی قیمتوں میں کمی کی درخواست ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی ہے جس پر 29 جون کو سماعت کی جائے گی اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔