پاکستان اسرائیل سے تعلقات پر نظرثانی کرے : اہم حکومتی سینیٹر کا مطالبہ 

پاکستان اسرائیل سے تعلقات پر نظرثانی کرے : اہم حکومتی سینیٹر کا مطالبہ 
سورس: File

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کو اسرائیل سے اپنے تعلقات کا دوبارہ جائزہ لینا چاہیے۔ ہمیں اپنے مفاد کو دیکھنا چاہیے کہ اسرائیل سے ڈیل میں ہمارا مفاد ہے یا نہیں۔

نجی ٹی وی کو دیے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کسی ملک کے ساتھ مذاکرات اور تجارت روکنی نہیں چاہیے۔ لوگ اسرائیل پر تنقید کرتے ہیں (لیکن) ہمیں اپنے مفادات کو دیکھنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک اسرائیل کے ساتھ مذاکرات اور تجارت کر رہے ہیں اور پاکستان کو بھی وہی کرنا چاہیے جو اس کے مفاد میں ہو۔ یہ دیکھنا باقی ہے کہ آیا اسرائیل سے معاہدہ پاکستان کے مفاد میں ہے یا نہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان اسرائیل کو بطور ریاست تسلیم نہیں کرتا اور دونوں کے درمیان سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کا مؤقف رہا ہے کہ فلسطین کے مسئلے کے حل تک اسرائیل سے سفارتی تعلقات قائم نہیں کیے جا سکتے۔

سلیم مانڈوی والا نے یہ بھی کہا کہ انڈیا سمیت پاکستان کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ بات چیت کے دروازے بند نہیں ہونے چاہییں۔ انڈیا کے ساتھ ہماری سرحد ہے۔ وہاں رشتہ دار رہتے ہیں۔ تینوں ملک (انڈیا، ایران اور افغانستان) ہمارے لیے اہم ہیں۔

مصنف کے بارے میں