روس کا شام میں بمباری پر اسرائیل سے شدید احتجاج

روس کا شام میں بمباری پر اسرائیل سے شدید احتجاج

ماسکو: شام میں متعدد مقامات پر بمباری کرنے پر روس نے اسرائیل سے شدید احتجاج کیا ہے۔العربیہ ڈاٹ ٹی وی کے مطابق روسی نائب وزیرخارجہ میخائل بوگدانوف نے ماسکو میں متعین اسرائیلی سفیر گاری کورین کو اپنے دفتر میں طلب کر کے ان سے شام میں بمباری پر احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ اسرائیل شام میں تازہ بمباری کی وضاحت کرے۔
روس کی جانب سے شام میں بمباری پر اسرائیل سے احتجاج کا یہ انوکھا واقعہ ہے۔ اسرائیل ماضی میں شام کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے اور شام میں بمباری میں ملوث رہا ہے تاہم روس کی طرف سے اس پر کوئی احتجاج نہیں کیا گیا۔واضح رہے کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب اسرائیلی کے جنگی طیاروں نے شمالی شام کے حمص شہر میں حزب اللہ کے متعدد ٹھکانوں پر بمباری کی تھی۔ شام نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے اسرائیل کے ایک جنگی جہاز کو مار گرایا ہے ۔