حکومت کی معاشی اور مالیاتی پالیسیوں نے ملکی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کردیا ہے، ممنون حسین

حکومت کی معاشی اور مالیاتی پالیسیوں نے ملکی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کردیا ہے، ممنون حسین

لاہور: صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت کی معاشی اور مالیاتی پالیسیوں نے ملکی معیشت کو اپنے پائوں پر کھڑا کردیا ہے جس کے بین الاقوامی مالیاتی ادارے بھی معترف ہیں. سی پیک منصوبہ سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی قسمت بدل جائے گی. سی پیک کے روٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اس بارے منفی پروپیگنڈہ کرنیوالوں کو شرمندگی کے سوا کچھ نہیں ملے گا.کرپشن اور بدعنوانی کی لعنت نے ملکی ترقی کا راستہ روکے رکھا جس کے خاتمہ کیلئے نوجوان نسل کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا. نوجوان نسل تعلیم کو اپنی منزل تصور کرکے انفارمیشن ٹیکنالوجی، سائنس اور ٹیکنالوجی کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیکر ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرے. موجودہ حکومت تعلیم' صحت' انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی میں یکساں ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔

صدر مملکت نے یہ با ت گورنمنٹ اسلامیہ کالج لاہور کے 61 ویں کانووکیشن سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ' صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی قائم مقام وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر تقی زاہد بٹ پرنسپل گورنمنٹ اسلامیہ کالج پروفیسر طاہر جاوید فیکلٹی ممبران اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ صدر مملکت نے کہا کہ گورنمنٹ اسلامیہ کالج پنجاب اور اس کے ملحقہ علاقوں کیلئے تحریک پاکستان کا مرکز رہا ہے اور اس ادارے کے اس وقت کے طلباء قائد اعظم سے رہنمائی حاصل کرتے تھے اور تحریک پاکستان کے پیغام کو کونے کونے میں پہنچاتے تھے. ہمیں ایسے اداروں کے ذریعے اکابرین کی تعلیمات اور رہنمائی کو فروغ دینا ہو گا۔ صدر ممنون حسین نے اس بات پر زور دیا کہ گورنمنٹ اسلامیہ کالج کے طلبہ اور اساتذہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس ادارے کے وقار اور عظمت کو بلند رکھتے ہوئے قائد اعظم کی تعلیمات کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی عملی زندگی میں ملک کی خوشحالی اور ترقی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ نوجوان نسل کو ماضی کے تناظر میں ناامید نہیں ہونا چاہئے کیونکہ اب پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور ان طلبہ پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔

صدر مملکت ممنون حسین نے طلبہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم و تحقیق کو اپنا شعار بنائیں اور اعلیٰ ترین تعلیم کے حصول کے لیے دنیا میں جہاں بھی جانا چاہیں جائیں لیکن اپنی شناخت کی ہمیشہ حفاظت کریں کیونکہ آپ کی شناخت ہی آپ کی پہچان ہے جس کی وجہ سے دنیا میں آپ کی اہمیت تسلیم کی جائے گی اور مستقبل کی دنیا کی تشکیل میں آپ اپنا کردار ادا کرسکیں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملک کی موجودہ سیاسی اور معاشی حالات کے پیش نظر ہمیں ایسی شخصیات پیدا کرنے کی ضرورت ہے جو مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دیکر وطن عزیز کی ترقی اور استحکام کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف انہی قوموں کا مستقبل روشن ہوتا ہے جو اپنی تاریخ کو یاد رکھتی ہیں اور اپنے اسلاف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں لیکن جو قومیں ماضی کو سینے سے لگا کر مستقبل کیلئے بامعنی اور قابل عمل منصوبہ بندی کرنے میں کامیاب نہیں ہو پاتیں' ترقی کی راہیں ان پÇر محدود ہو جاتی ہیں. اس چیز کو مدنظر رکھتے ہوئے گورنمنٹ اسلامیہ کالج کی ذمہ داری دیگر اداروں سے بڑھ جاتی ہے کہ وہ قوم کے مسائل کی نشاندہی کرکے اس کے حل کیلئے قابل عمل تجاویز پیش کریں لیکن اس صورت میں ممکن ہو گا کہ اگر یہ ادارے ایک روایتی تعلیمی ادارے کی بجائے فروغ علم کے سلسلہ میں سنٹر آف ایکسی لینس میں تبدیل ہو جائیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ سی پیک ایک بہت اہم منصوبہ ہے جس سے نہ صرف پاکستان پورے خطے کی قسمت بدل جائے گی کیونکہ اس منصوبہ سے لاکھوں افراد کو روزگار ملے گا جس سے غربت کی شرح کم ہو گی۔ انہوں نے مختلف شعبہ ہائے زندگی تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ ان منصوبوں کی تکمیل  میں حکومت کا ساتھ دیں کیونکہ اس وقت توانائی انفراسٹرکچر اور صنعتی ترقی کے بہت سارے منصوبے شروع ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میٹرو بس پر تنقید کرنیوالوں کو علم ہونا چاہئے کہ تمام شعبے ایک دوسرے سے متصل ہیں جبکہ موجودہ حکومت تعلیم، صحت انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی میں یکساں ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔اس موقع پر صدر مملکت نے پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات کو میڈلزبھی پہنائے۔ قبل ازیں پرنسپل پروفیسر طاہر جاوید نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔