سندھ حکومت کا بڑے سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز 15 دن کیلئے بند کرنے کا فیصلہ

سندھ حکومت کا بڑے سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز 15 دن کیلئے بند کرنے کا فیصلہ
کیپشن: صوبائی حکومت نے ’سیکنڈ لیول آف لاک ڈاؤن‘ کا آغاز کر دیا ہے، ترجمان۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: حکومت سندھ نے تمام بڑے سرکاری اسپتالوں کی  آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹس (او پی ڈیز) کو 15 دن کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا اطلاق بدھ سے ہو گا۔ حکومت سندھ کے ترجمان کے مطابق تمام بڑے سرکاری اسپتالوں بشمول قومی ادارہ برائے امراض، سول اسپتال کراچی، جناح اسپتال، قومی ادارہ برائے امراض اطفال اور دیگر تمام ڈسٹرکٹ اسپتالوں میں او پی ڈیز بدھ سے 15 دن کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ او پی ڈیز میں روزانہ ہزاروں مریض بہت چھوٹی سی جگہ پر جمع ہوتے ہیں جن میں زیادہ تر بیمار لوگ ہوتے ہیں اور اگر خدانخواستہ ان میں چند کورونا وائرس کے مریض شامل ہوگئے تو بیماری کا بہت زیادہ لوگوں میں منتقل ہونے کا امکان ہے۔

حکومت سندھ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے ’سیکنڈ لیول آف لاک ڈاؤن‘ کا آغاز کردیا ہے جس کے تحت اسپتالوں کی او پی ڈیز سمیت شاپنگ مال، ریسٹورنٹس، سی ویو، تمام پارکس اور سرکاری دفاتر کو بند کر دیا ہے۔

صوبائی حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ تمام اسپتالوں کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ 24 گھنٹے کھلے رہیں گے اور ہر قسم کے مریضوں کو طبی امداد اور دیگر سہولیات مہیا کرنے میں دن رات کام کریں گے۔

خیال رہے کہ حکومت سندھ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر صوبے میں ریسٹورنٹ اور شاپنگ مال 15 دن کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب اور سندھ میں کورونا وائرس کے آج مزید 53 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 237 ہوگئی ہے۔