عمران خان چھوٹا دل اور ظرف رکھتے ہیں، مراد علی شاہ کا نام تک لینا گوارا نہ کیا، مریم اورنگزیب

عمران خان چھوٹا دل اور ظرف رکھتے ہیں، مراد علی شاہ کا نام تک لینا گوارا نہ کیا، مریم اورنگزیب


اسلام آباد:اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے قوم سے خطاب کے ردعمل میں کہا ہے کہ عمران خان اتنا چھوٹا دل اور ظرف رکھتے ہیں کہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا نام تک لینا گوارا نہ کیا۔

اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ہمیشہ کی طرح قوم سے خطاب میں جھوٹ،جھوٹ اورصرف جھوٹ بولا اور عوام کو واضح پیغام دیا کہ ساڈے تے نہ رہنا(یعنی ہم پر نہ رہنا)اور گھبرانا نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کا خطاب ثبوت ہے کہ انہیں کورونا وائرس کی شدت کا اندازہ ہی نہیں اور عوام کی کوئی فکر نہیں ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اتنا چھوٹا دل اور ظرف رکھتے ہیں کہ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا نام تک لینا گوارا نہ کیا، مراد علی شاہ نے دن رات محنت کر کے سب سے پہلے کورونا کا مقابلہ کیا اور حفاظتی اقدامات کیے لیکن انہوں نے ان کا نام تک نہ لیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے قوم کے لیے حفاظتی اقدامات کے بارے میں نہیں بتایا؟ نہ ہی بتایا کہ کورونا سے نمٹنے کے لیے کتنا فنڈ مختص کیا اور حکومت کی کیاتیاری ہے؟ ان کے خطاب نے ثابت کردیاکہ کورونا وائرس سے مقابلے کے لیے ان پاس واقعی کوئی اہلیت اورصلاحیت نہیں۔

ترجمان ن لیگ کے مطابق عمران خان 18 ماہ سے عوام کو صرف گھبرانا نہیں، گھبرانا نہیں کا درس دے کر عوام سے کاروبار، روٹی، روزگار، آٹا اور چینی چھین لی اور اب عوام کی جانوں سے کھیلا جا رہا ہے، آج پورے پاکستان کو حکومت کی نااہلی، نالائقی اور بے حسی دیکھ کر شہباز شریف یاد آ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف قوم کو گھبرانا نہیںکا لیکچر دینے کے بجائے ان کی حفاظت اور عملی اقدامات کے لیے میدان میں ہوتے لیکن آج کسی اسپتال میں ٹیسٹنگ کی کوئی سہولت دستیاب نہیں، مریض بھی دہائیاں دے رہے ہیں۔