امریکا پرانا دوست ہے، سی پیک میں شامل ہونا چاہے گا تو خوشی ہوگی:فواد چوہدری

 امریکا پرانا دوست ہے، سی پیک میں شامل ہونا چاہے گا تو خوشی ہوگی:فواد چوہدری


واشنگٹن: وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ کوئی شبہ نہیں جنگ اور جیو پاکستان کے اہم میڈیا گروپس ہیں، ایسا محسوس نہیں ہونا چاہیے کہ کوئی ادارہ صحافیوں کے حقوق دبارہا ہے، امریکا پرانا دوست ہے، سی پیک میں شامل ہونا چاہے گا تو خوشی ہوگی۔

واشنگٹن میں ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے جیو نیوز کی بندش پر کہا کہ جنگ 80 سال پرانا میڈیا ادارہ ہے، جس کا احترام کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی شبہ نہیں جنگ اور جیو پاکستان کے اہم میڈیا گروپس ہیں، ایسا محسوس نہیں ہونا چاہیے کہ کوئی ادارہ صحافیوں کے حقوق دبا رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 2000کے بعد ہمیں پاکستان میں صحافتی آزادیاں ملی ہیں، ہمارا میڈیا بہت آزاد ہے یہ تاثر زائل نہیں ہونا چاہیے۔

اس موقع پر انہوں نے امریکا، برطانیہ سمیت متعدد ملکوں کو سی پیک میں شمولیت کی دعوت دی اور کہا کہ امریکا پرانا دوست ہے، سی پیک میں شامل ہونا چاہے گا تو خوشی ہوگی۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ امریکا میں سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں  سرمایہ کاری کے لیے انتہائی مفید ملاقاتیں کی ہیں۔