ایران میں کورونا سے متاثرہ 103 سالہ خاتون صحت یاب

ایران میں کورونا سے متاثرہ 103 سالہ خاتون صحت یاب

تہران: کورونا وائرس سے دنیا بھر ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تعداد عمر رسیدہ افراد کی ہے لیکن ایران میں وائرس سے متاثرہ 103 سالہ خاتون صحت یاب ہو گئی ہیں۔


بدھ کوفرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق اس خاتون کو ایک ہفتہ قبل مرکزی شہر سیمنان کے ایک ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔سیمنان یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کے سربراہ نوید دانائی کا کہنا ہے کہ خاتون کو مکمل صحت یابی کے بعد ہسپتال سے گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔

خاتون ایران میں وائرس سے صحت یاب ہونے والا دوسرا عمر رسیدہ مریض ہے۔ قبل ازیں کرمان میں ایک 91 سالہ شخص بھی کورونا وائرس سے صحت یاب ہو گیا تھا۔نوید دانائی کے مطابق خاتون تین دن مسلسل بیمار رہنے کے بعد صحت یاب ہوئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمر رسیدہ خاتون کورونا میں مبتلا ہونے سے پہلے سے دمے اور بلند فشار خون کے امراض میں مبتلا تھیں۔تاہم ایرانی میڈیا نے اپنی رپورٹس میں یہ نہیں بتایا کہ ان مریضوں کا علاج کیسے کیا گیا۔