استعفے دینے سے وفاقی حکومت 18ویں ترمیم ختم کر دے گی، ناصر حسین شاہ

استعفے دینے سے وفاقی حکومت 18ویں ترمیم ختم کر دے گی، ناصر حسین شاہ

کراچی: وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ استعفے دینے سے وفاقی حکومت کے جانے کا عمل نہیں ہوگا، بلکہ وفاقی حکومت 18ویں ترمیم ختم کر دے گی۔

گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ جو سمجھتے ہیں پی ڈی ایم میں اختلافات ہو گئے، وہ خوش فہمی میں ہیں۔ سب جماعتوں میں اختلافات بھی ہیں اور سب کا اپنا ایجنڈا بھی ہے۔ پی ڈی ایم ایک رہے گی، نااہل حکومت سے جان چھڑانے کا ایک ایجنڈا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام پرامید ہیں، ان کی نگاہیں اپنے قائدین کی طرف ہیں۔ پی ڈی ایم کا جو بھی متفقہ فیصلہ ہوگا اس پر عمل کریں گے۔ حکومت کوخوش فہمی میں رہنے دیں،انہیں اس روز معلوم ہوگا جب ان کا دھڑن تختہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور مریم نواز سمیت دیگر لیڈر شپ ہمارے لئے قابل احترام ہیں۔ پیپلز پارٹی شخصی نہیں ہمیشہ جمہوری فیصلے کرتی ہے۔ یہ عوام کا اختیار ہے وہ کسے منتخب کرتے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ سندھ کی حکومت اور قومی اسمبلی کی سیٹیں جمہوریت کی راہ میں حائل نہیں ہیں۔ پیپلز پارٹی پی ڈی ایم کے ساتھ ہے اور اس کا حصہ ہے۔ پیپلز پارٹی چاہتی ہے لانگ مارچ سے پہلے استعفے نہ دیئے جائیں۔

ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ استعفے دینے سے وفاقی حکومت کے جانے کا عمل نہیں ہوگا بلکہ استعفے دینے سے وفاقی حکومت 18ویں ترمیم ختم کر دے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی استعفے دینے کے حق میں ہے لیکن لانگ مارچ کو استعفے دینے سے مشروط کر دیا گیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور آصف زرداری کا وژن سب کے سامنے ہے۔