سام سنگ نے اے سیریز کے نئے سمارٹ فونز متعارف کرا دئیے، ماڈل کون سے ہیں اور قیمت کیا ہے؟

سام سنگ نے اے سیریز کے نئے سمارٹ فونز متعارف کرا دئیے، ماڈل کون سے ہیں اور قیمت کیا ہے؟
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

سام سنگ نے گلیکسی اے سیریز کے مڈ رینج سمارٹ فونز گلیکسی اے 52 اور اے 72 متعارف کرا دئیے ہیں جنہیں ایک آن لائن ایونٹ کے دوران پیش کیا گیا، گلیکسی اے 52 کو 4 جی اور 5 جی ورژنز میں متعارف کرایا گیا جبکہ اے 72 کا صرف 4 جی ورژن ہی دستیاب ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق گلیکسی اے 52 میں 6.5 انچ کا فلیٹ ڈسپلے دیا گیا ہے جو ایمولیڈ پینل سے لیس ہے جبکہ 4 جی ماڈل میں 90 ہرٹز اور 5 جی ماڈل میں 120 ہرٹز ریفریش ریٹ دیا گیا ہے۔ اس فون کا وزن 189 گرام اور بیٹری مکمل چارج پر 2 دن تک کام کرسکتی ہے۔ کمپنی کے مطابق ڈسپلے کے تحفظ کیلئے گوریلا گلاس 5 کا استعمال کیا گیا ہے جبکہ واٹر اور ڈسٹ ریزسٹنٹ کا فیچر بھی موجود ہے جس کے باعث اس فون کو ایک میٹر پانی میں 30 منٹ تک ڈبویا جاسکتا ہے۔
فون کا 4 جی ماڈل سنیپ ڈریگون 720 جی جبکہ 5 جی ورژن سنیپ ڈریگون 750 جی پراسیسر سے لیس ہے۔ اسی طرح 4 جی ماڈل میں 4، 6 اور 8 جی بی ریم کے آپشنز موجود ہیں جبکہ 5 جی ماڈل میں 6 اور 8 جی بی ریم موجود ہوگی۔ دونوں ورژنز میں 128 سے 256 جی بی سٹوریج دی گئی ہے جس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ فون کی خاص بات اس کا کیمرا سیٹ اپ ہے جو مجموعی طور پر 5 کیمروں کے ساتھ ہے جس کا مین کیمرا 64 میگا پکسل کا ہے جس میں ایف 1.8 اپرچر موجود ہے جبکہ آپٹیکل امیج سٹیبلائزیشن اور ٹیٹرا بیننگ ٹیکنالوجی کیمرے کا حصہ ہے۔ 
کمپنی نے بتایا کہ نائٹ موڈ شاٹس 12 فریمز کی سہولت فراہم کریں گے جبکہ او آئی ایس سے کم روشنی میں لی جانے والی تصاویر کے پکسل بھی نہیں پھٹیں گے۔ اس کے علاوہ 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اینگل کیمرا، 5 میگا پکسل میکرو اور 5 میگا پکسل ڈیپتھ سنسر کیمرے اس سیٹ اپ کا حصہ ہے، فرنٹ پر 32 میگا پکسل کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں چھپا ہوا ہے۔ مذکورہ فون میں اینڈرائڈ 11 آپریٹنگ سسٹم کو سام سنگ کے ون یو آئی 3.0 کے ساتھ پیش کیا گیا ہے جبکہ سیلفی کیمرے کو فیس ان لاک کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے اور فنگرپرنٹ سنسر ڈسپلے کے اندر نصب ہے۔ یہ دونوں فونز جلد صارفین کو دستیاب ہوں گے جس کا 4 جی ورژن 350 یورو (65 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 5 جی ماڈل 430 یورو (لگ بھگ 80 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔
دوسری جانب گلیکسی اے 72 میں 6.7 انچ کا سپر ایمولیڈ ڈسپلے دیا گیا ہے جبکہ سنیپ ڈریگون 720 جی پراسیسر فون کا حصہ ہے۔ کمپنی کے مطابق فون میں سپر ایمولیڈ ڈسپلے 90 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ ہے اور فنگرپرنٹ سنسر سکرین کے اندر نصب ہے۔ اس میں بھی 32 میگا پکسل سیلفی کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں دیا گیا ہے جو ڈسپلے کے اوپری حصے میں سینٹر میں موجود ہے۔ یہ بھی واٹر اور ڈسٹ ریزسٹنٹ فون ہے جبکہ ایڈوانسڈ بلیوٹوتھ کے ذریعے بیک وقت 2 وائرلیس ہیڈفون کو ڈیوائس کیساتھ کونیکٹ کیا جاسکتا ہے۔
فون میں ہیڈفون جیک بھی موجود ہے جبکہ ڈولبی ایٹموس ان ایبل سٹریو سپیکرز بھی ڈیوائس کا حصہ ہیں۔ گلیکسی اے 72 کی 5000 ایم اے ایچ کی بیٹری کیلئے 25 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے اور کمپنی کے مطابق فل چارج پر 2 دن کی بیٹری لائف ملتی ہے۔ اس فون میں 6 سے 8 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی سٹوریج دی گئی ہے جس میں ایس ڈی کارڈ سے مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ 
فون کے بیک پر 4 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس کا مین کیمرا گلیکسی اے 52 کی طرح 64 میگا پکسل کا ہے اور فیچرز بھی ویسے ہی ہیں۔ اس سے ہٹ کر 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا، 8 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرا (3 ایکس آپٹیکل زوم) اور 5 میگا پکسل میکرو کیمرا بھی سیٹ اپ کا حصہ ہے جبکہ اس فون میں اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج ون یو آئی 3.0 سے ہی کیا گیا ہے۔ یہ فون بھی جلد صارفین کو دستیاب ہوگا اور اس کا 6 جی بی ریم اور 128 جی بی سٹوریج والا ماڈل 450 یورو (83 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہو گا تاہم کمپنی کی جانب سے فی الحال 8 جی بی ریم اور 256 جی بی سٹوریج والے ورژن کی قیمت کا اعلان نہیں کیا گیا۔