وزیر دفاع کا وزیراعظم کو بلدیاتی انتخابات نہ کروانے کا مشورہ

وزیر دفاع کا وزیراعظم کو بلدیاتی انتخابات نہ کروانے کا مشورہ
کیپشن: وزیر دفاع کا وزیراعظم کو بلدیاتی انتخابات نہ کروانے کا مشورہ
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کو وزیر دفاع پرویز خٹک نے مشورہ دیا ہے کہ موجودہ ماحول میں بلدیاتی انتخابات نہ کرائے جائیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو پرویز خٹک نے یہ مشورہ اس وقت دیا جب انہوں نے حکومتی رہنماؤں سے ملاقات کی۔ وزیراعظم عمران خان نے حکومتی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات جلد کرانے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے اس موقع پر واضح طور پر ہدایات دیں کہ بلدیاتی حکومتیں عوام کی ضرورت ہیں اور ہر صورت بلدیاتی انتخابات کروائیں گے۔ انہوں نے حکومتی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران پارٹی تنظیم کو بلدیاتی انتخابات کی تیاری کرنے کی واضح ہدایات بھی دیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مقامی حکومتوں کے قیام سے عوام کے مسائل جلد حل ہوں گے۔

دوسری طرف وفاقی حکومت نے نیب قوانین میں ترامیم اور انتخابی اصلاحات پر غور کرنے کے لیے کمیٹی قائم کر دی ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر قائم کی جانے والی سیاسی کمیٹی دس رکنی ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر قائم کی جانے والی دس رکنی کمیٹی میں وفاقی وزرا پرویز خٹک، شاہ محمود قریشی، فواد چودھری اور شیخ رشید شامل ہیں۔ کمیٹی میں وفاقی وزیر شفقت محمود، عامر کیانی، سیف اللہ نیازی اور شبلی فراز بھی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کی ہدایت پر قائم کی جانے والی سیاسی کمیٹی وزیراعظم سے روزانہ کی بنیاد پر ملاقات کرے گی۔ سیاسی کمیٹی انتخابی اصلاحات اور نیب قوانین میں ترامیم  پراپوزیشن سے مذاکرات کرے گی۔

اپوزیشن سے اس ضمن میں مذاکرات کا ٹاسک وزیر دفاع پرویزخٹک اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے سپرد کیا گیا ہے۔ سیاسی کمیٹی معیشت، روزگار، ریلیف پیکجز اورسبسڈیزسے متعلق بھی تجاویز پیش کرے گی۔ حکومت احساس پروگرام کے ذریعےغریب طبقے کو مختلف شعبہ جات میں براہ راست سبسڈی دینے پر بھی غور کر رہی ہے۔