سلمان بٹ بھی شرجیل خان کی قومی ٹیم میں شمولیت پر ناراض مگر کیوں؟ وجہ بھی بتا دی

سلمان بٹ بھی شرجیل خان کی قومی ٹیم میں شمولیت پر ناراض مگر کیوں؟ وجہ بھی بتا دی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے اوپننگ بلے باز شرجیل خان کی قومی ٹیم میں واپسی کی مخالفت کرتے ہوئے اسے دہرا معیار قرار ددیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق لاہور میں ایمرا کرکٹ پچ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان بٹ نے کہا کہ شرجیل خان کی ٹیم میں واپسی سلیکشن کمیٹی کے دوہرے معیار کا منہ بولتا ثبوت ہے، اس سے پہلے محمد عامر کو بھی موقع دیا گیا لیکن مجھے چار سال ڈومیسٹک کرکٹ میں سب سے زیادہ کارکردگی دکھانے کے باوجود کم بیک کرنے کا موقع نہیں دیا گیا جس پر مجھے خاصی مایوسی بھی ہوئی۔ 
سلمان بٹ کا موقف تھا کہ سلیکشن کمیٹی کے معاملات میں بابراعظم کی رائے کو اہمیت دینی چاہیے کیونکہ کپتان نے ٹیم سے کارکردگی لینی ہوتی ہے، اس لئے لڑکوں کے انتخاب میں بھی کپتان کی رائے کو اہمیت دینی چاہیے۔ سلمان بٹ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ملتوی کرنے کے فیصلے کو بھی غلط قرار دیا اور کہا کہ جیسے بھی حالات تھے، پی ایس ایل کو جاری رکھنا چاہیے تھا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں کھیلوں کے جتنے بھی مقابلے ہورہے ہیں سب جگہ کورونا کیسز رپورٹ ہوئے لیکن اس وجہ سے کہیں بھی ایونٹس کو ملتوی یا منسوخ نہیں کیا گیا، میرے خیال میں اگر پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا جاتا تو اتنا نقصان نہ ہوتا جتنا اسے ملتوی کرنے کی وجہ سے پہنچا ہے۔