مولانا فضل الرحمان اور آصف علی زرداری کا پی ڈی ایم اتحاد برقرار رکھنے پر اتفاق

مولانا فضل الرحمان اور آصف علی زرداری کا پی ڈی ایم اتحاد برقرار رکھنے پر اتفاق
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف زرداری کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس دوران دونوں رہنماو¿ں نے پی ڈی ایم اتحاد برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دونوں رہنماﺅں نے اختلافی امور طے کرنے کیلئے بھی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ آصف علی زرداری نے تین اپریل کو پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کا اجلاس بلانے کے فیصلے سے آگاہ کیا جبکہ دونوں کے درمیان سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر سے متعلق امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ فضل الرحمان نے اختلافی امور کو اوپن نہ کرنے کی بھی درخواست کی جبکہ دونوں رہنماﺅں نے یوسف رضا گیلانی کی شکست کے معاملے پر جلد عدالت سے رجوع کرنے پر اتفاق کیا، مولانا فضل الرحمان نے آصف زرداری سے رابطے کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف سے بھی رابطہ کیا۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اور نواز شریف نے سیاسی حکمت عملی اورپی ڈی ایم اتحاد کے لائحہ عمل پر مشاورت کی اور دونوں رہنماﺅں نے استعفوں کے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی کے جواب کا انتظار کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ اگر پیپلز پارٹی رضامند ہوئی تو ٹھیک ورنہ نو جماعتیں اپنا لائحہ عمل دیں گی۔