’ہم ایسا عمل کریں گے کہ مولانا جیل چلے جائیں گے‘ پی ٹی آئی کے سینیٹر کا دعویٰ

’ہم ایسا عمل کریں گے کہ مولانا جیل چلے جائیں گے‘ پی ٹی آئی کے سینیٹر کا دعویٰ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءسینیٹر ولید اقبال نے کہا ہے کہ ہم ایسا عمل کریں گے جس کے نتیجے میں مولانا فضل الرحمان جیل جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق نجی خبر رساں ادارے کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر ولید اقبال نے کہا کہ مولانا کا احتساب ہو گا اور ہم ان کو جیل بھیجیں گے۔ مولانا صاحب کہتے ہیں، میں کسی کوجواب دہ نہیں ہوں مگر ہم ایساعمل کریں گے جس کے نتیجے میں مولانا جیل جائیں گے۔ 
ولید اقبال نے کہا کہ مولانا کہتے ہیں مجھ پر کوئی ہاتھ نہیں ڈال سکتا، ہم نیب کوثبوت دیں گے جس کے بعد مولانا کو لازمی جیل جانا ہوگا۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں چھ ماہ سے کہہ رہا ہوں کہ کوئی استعفیٰ نہیں آئے گا، لانگ مارچ کا جو نتیجہ سوچا جا رہا ہے، وہ کبھی اور کسی صورت میں نہیں نکلے گا۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ متبادل قیادت ڈھونڈنے سے متعلق باتیں غیرسنجیدہ ہیں، عوام پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت سے خوش ہے یا نہیں، اس کا فیصلہ وہ پانچ سال بعد ووٹ کے ذریعے کردیں گے جبکہ اسمبلیوں میں حلیف اس کا فیصلہ کریں گے۔