زمان پارک میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے پولیس اور سرکاری املاک کے نقصان کی رپورٹ سامنے آگئی

زمان پارک میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے پولیس اور سرکاری املاک کے نقصان کی رپورٹ سامنے آگئی

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین  عمران خان کی رہائشگا ہ کے  علاقے  زمان پارک میں پولیس اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں  میں  کارکنان کے ہاتھوں گاڑیاں اور ٹریفک سیکٹر  کے  سامان جلانے کی رپورٹ منظر عام پر آگئی ۔

رپورٹ کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کیلئے پولیس آپریشن کے دوران   پارٹی کارکنوں کی جانب سے  زمان پارک میں  دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کی سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔

 جلاؤ گھیراؤ کے دوران 3 واٹر کینن، تھانوں کی 8 گاڑیاں،2 پی آر یو کی گاڑیاں اور 8 موٹرسائیکلوں سمیت دیگر سرکار ی املاک کو نقصان پہنچا،  ابتدائی رپورٹ کے مطابق پولیس کی ایک بس کو جزوی نقصان ہوا اور واٹر ٹینکر کو مکمل طور پر جلا دیا گیا، تین واٹر کینن کا ساڑھے 58 لاکھ کا نقصان ہوا، 42 لاکھ 50 ہزار مالیت کے واٹر ٹینکر کو مکمل جلا دیا گیا، تمام گاڑیوں کا ایک کروڑ 10 لاکھ 90 ہزار کا نقصان ہوا۔

رپورٹ کے مطابق ٹریفک سیکٹر شادمان میں 8 موٹر سائیکلیں جلائی گئیں  جن  کی مجموعی مالیت 23 لاکھ روپے تھی، اس کے علاوہ  وائر لیس سیٹس اور کمیونی کیشن سسٹم کو 35 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا گیا، کیمرے، کمپیوٹر سسٹم، چھتریاں اور کونز کی مد میں حکومت کو  11 لاکھ کا نقصان پہنچایا گیا۔

 پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے فائر کیئے گئے  پٹرول بم کی وجہ سے لگنے والی آگ سے روزنامچے کا 3 سال کا ریکارڈ جل گیا جس میں ٹکٹنگ کا رجسٹر اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر شہریوں سے لیے گئے شناختی کارڈز   شامل تھے ۔جولائی 2020 سے دسمبر 2022 تک تمام چالان بکس بھی جل گئیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ زمان پارک میں پولیس کی جانب سے آپریشن پر پارٹی کارکنوں کی مزاحمت  سے   50 سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں  زخمی بھی  ہوئے ہیں ۔

 ذرائع کے مطابق نقصان کی ابتدائی رپورٹ آئی جی پنجاب کو بھجوا دی گئی ہے۔

مصنف کے بارے میں