'نوجوان نسل کو داعش کے چنگل سے بچانا مشترکہ ذمہ داری ہے'

'نوجوان نسل کو داعش کے چنگل سے بچانا مشترکہ ذمہ داری ہے'

راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے انتہا پسندی کو مسترد کرنے میں نوجوانوں کے کردار کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا سیمینار میں اساتذہ، طلبہ اور دیگر کی میزبانی کا شرف ملا ہے اور آج کے دن یہ موضوع اہمیت کا حامل ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ داعش کی حکمت عملی بدل گئی اب داعش کا ہدف ہمارے نوجوانوں کو گمراہ کرنا ہے۔ داعش کے نوجوان میں سرایت روکنے کا چیلنج درپیش ہے اور نوجوانوں کو دہشت گردی سے بچانا مشترکہ ذمہ داری ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آپریشن ردالفساد کا مقصد امن اور استحکام لانا ہے اور اب تک ملک بھر میں درجنوں آپریشن کئے گئے ہیں اور فسادیوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا گیا ہے۔

یاد رہے رواں سال اپریل کے مہینے میں لاہور میں مارے جانے والے دہشتگرد کی بیوی کو گرفتار کیا گیا تھا جو میڈیکل کالج کی طلبہ تھی جس کا اپنے اعترافی بیان میں کہنا تھا مجھے کسی نے اغوا نہیں کیا تھا بلکہ میں اپنی مرضی سے لاہور آئی تھی مجھے بہ طور ایک خودکش حملہ آور استعمال کیا جانا تھا اور ان کا ہدف کسی چرچ پر حملہ کرنا تھا۔

یکم اپریل کو تنظیم نے میرے لیے سامان کا بندوبست کیا ہوا تھا۔ اس سامان میں مجھے دو جیکٹس، چار دستی بم اور کچھ گولیاں تھیں۔ مجھے ایسٹر پر کسی چرچ پر حملہ کرنا تھا لیکن سکیورٹی فورسز نے چودہ اپریل کو کارروائی میں مجھے گرفتار کر لیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں