پاکستان بھارت کو ہرا کر چیمپیئنز ٹرافی جیتے گا،انضمام الحق

پاکستان بھارت کو ہرا کر چیمپیئنز ٹرافی جیتے گا،انضمام الحق

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان کا ٹارگٹ صرف بھارت کو شکست دینا نہیں بلکہ چیمپیئنز ٹرافی جیتنا بھی ہے۔ ٹیم ٹورنامنٹ کے تمام میچز جیتنے کے لیے بھرپور محنت کرے گی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ ہم انگلینڈ صرف بھارت کو شکست دینے نہیں جارہے بلکہ ہمارا بنیادی مقصد چیمپیئن شپ اپنے نام کرنا ہے۔


واضح رہے کہ پاکستان 4 جون کو برمنگھم میں چیمپیئنز ٹرافی کے سلسلے میں اپنا پہلا میچ بھارت کے خلاف کھیلے گا۔چیف سلیکٹر کا مزید کہنا تھا کہ چیمپیئنز ٹرافی 2004 میں ان کی کپتانی میں انگلینڈ کے اسی گرائونڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے بھارت کو 3 وکٹوں سے شکست دی تھی۔انضمام نے کہا کہ ہم دوبارہ سے جیت سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ٹیم ٹورنامنٹ کے تمام میچز جیتنے کے لیے بھرپور محنت کرے گی۔

انضمام کے مطابق دورہ ویسٹ انڈیز میں ملنے والی کامیابی تمام کھلاڑیوں کے مورال میں اضافے کا سبب بنی اور سب کھلاڑی انگلینڈ میں بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے پرجوش ہیں، جس کے لیے تربیتی کیمپ بھی لگایا جاچکا ہے۔خیال رہے کہ ایونٹ میں شرکت کے لیے کئی کھلاڑی ویسٹ انڈیز سے انگلینڈ روانہ ہوچکے ہیں۔انضمام الحق نے کہا کہ لاہور کے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں اپنی طالب علمی کے دور میں وہ مسلم جیم خانہ کی طرف سے کھیلا کرتے تھے۔جیم خانہ سے سامنے آکر پاکستانی کی نمائندگی کرنے والے دیگر کھلاڑی احمد شہزاد، کامران اکمل، اور توفیق عمر بھی تقریب کا حصہ تھے۔

نیوویب ڈیسک< News Source