پنجاب میں 318رمضان بازار اور 27ماڈل بازار لگائے جائینگے، صوبائی وزیر بلدیات

پنجاب میں 318رمضان بازار اور 27ماڈل بازار لگائے جائینگے، صوبائی وزیر بلدیات

لاہور :  صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے آج مختلف بلدیاتی نمائندوں کے وفود سے ملاقات میں کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر ماہ رمضان میں عوام کو اشیاء خوردونوش ارزاں نرخوں پر فراہمی کیلئے صوبے بھر میں 318رمضان بازار اور 27ماڈل بازار لگائے جائینگے ۔ رمضان بازار وں کا آغاز 24مئی سے ہوگا جہاں سے عوام روز مرہ ضروریات کی تمام اشیاء صبح 9بجے سے شام 6بجے تک خرید سکیں گے ۔


رمضان بازاروں میں صفائی کو نصف ایمان کا لازمی جزو بنایا جائے گا اور سکیورٹی انتظامات کو ہر مقام پر فو قیت دی جائے گی۔ ماہ رمضان میں خاص طور پر استعمال ہونیوالی اجناس وپھل وغیرہ کی دستیابی سوفیصد یقینی بنائی جائے اور رمضان کے ایام میں ایسی اجناس اورپھل جن کا سیزن نہیں ہے ان کی بیرون ملک سے درآمد یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمے فوری طورپر صوبہ بھر میں موجود اجناس کی سٹوریج چیک کریں اور گزشتہ سالوں میں ماہ رمضان کے دوران ان اشیائے ضروریہ کے استعمال کے اعدادوشمارچیک کریں اورسٹاک کم ہونے کی صورت میں متعلقہ درآمد کنندگان سے فوری رابطہ کرکے ا شیاء کی صوبہ میں وافر مقدار میں فراہمی یقینی بنائیں۔ اشیائے ضروریہ کی رعایتی نرخوں پر فراہمی کا سلسلہ صرف رمضان بازاروں اور ماڈل بازاروں تک ہی محدود نہیں رکھاجائے گا بلکہ کم آمدنی والے افرا د کے علاقوں میں ٹرکوں کے ذریعے ان کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا رمضان بازاروں میں اشیاء کے معیار اور ناپ تول کاپورا خیال رکھا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان میں ذخیرہ اندوزی کی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسے عناصرکے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تمام کمشنرصاحبان اپنے متعلقہ ڈویژنوں میں جبکہ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے متعلقہ اضلاع میں تمام محکموں کے افسران پر مشتمل اینٹی ہورڈنگ کمیٹیوں کا قیام بھی عمل میں لائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز ، مئیرز، چےئرمین ضلع کونسل اپنے علاقوں کے عوامی نمائندوں کے ساتھ ملکررمضان میٹنگ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان کے حوالے سے تمام متعلقہ محکمے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں اورایک ٹیم کی طرح کام کریں ۔

نیوویب ڈیسک< News Source