ہم سب کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتے ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان

ہم سب کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتے ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ ہم سب کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتے ہیں، صوبے کامفاد سب سے بڑھ کر ہے، اپنے آئینی اختیارات سے ناصرف بخوبی آگاہ ہیں بلکہ صوبے اور عوام کے مفاد میں ان اختیارات کا بہترین استعمال بھی کر رہے ہیں، کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ انتخابات میں بھی مسلم لیگ(ن) کامیابی حاصل کرے گی اور وفاق اور صوبوں میں حکومت بنائے گی.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبے کے سینئر صحافیوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، ملاقات کے دوران صوبے کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام امن و ترقی چاہتے ہیں . موجودہ حکومت عوام کے اعتماد اور توقعات پر پورا اترنے کے لیے بھرپور محنت کر رہی ہے اور عوام کے اعتماد کو کبھی بھی ٹھیس نہیں لگنے دی جائیگی ، انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام وسائل عوام کی امانت ہیں اور ایک ایک پائی ایمانداری کے ساتھ عوام پر خرچ کی جا رہی ہے جبکہ لوگوں کو روزگار کی فراہمی بھی حکومت کی ترجیحات میںشامل ہے، وزیراعلیٰ نے ترقیاتی فنڈز کے لیپس ہونے کے تاثر کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنا کر وسائل کے ضیاع کو روکا جا رہا ہے، بدعنوانی ، فنڈز کے ضیاع اور نوکریوں کی خرید و فروخت کے حوالے سے ان کی برداشت کی حد صفر ہے، انہوں نے کہاکہ ہم اپنے آئینی اختیارات کو بھرپور طریقے سے استعمال کر رہے ہیں.

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر یقین دلایا کہ کوئٹہ پریس کلب کی سالانہ گرانٹ میں اضافے اور صحافیوں کے لیے رہائشی کالونی کے لیے اراضی کی فراہمی کے اعلانات کو جلد عملی جامع پہنایا جائیگا،اس موقع پر صحافیوں کے وفد نے جرنلسٹ ویلفیئر فنڈ کو 20کروڑ روپے کرنے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان سے باجوئی ،توتک اورباغبانہ کے ایک نمائندہ وفد نے سردار علی محمد قلندرانی کی قیادت میں ملاقات کی، وفد نے اپنے اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی عمل پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا جبکہ بعض مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے ان کے حل کی درخواست کی، وزیراعلیٰ نے ان مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔