وزیراعظم کا خط لیکر وزیر خارجہ کویت روانہ

وزیراعظم کا خط لیکر وزیر خارجہ کویت روانہ

اسلام آباد:پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وزیراعظم عمران خان کا خط لیکر کویت روانہ ہوگئے ہیں جہاں پر وہ امیر کویت سے ملاقات کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئر پورٹ پر اپنی روانگی سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ دو روزہ دورے پر کویت جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ امیر کویت کو وزیراعظم کا خصوصی خط دیں گے۔وزیرخارجہ کے مطابق ان کی اپنے کویتی ہم منصب سے ون آن ون ملاقات ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ کویتی وزیرخارجہ سے وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوں گے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ ہونے والے مذاکرات میں کویت کے ساتھ ویزہ ایشوز سمیت دو طرفہ تعلقات پر بات چیت ہوگی۔وزیرخارجہ نے کہا کہ ان کا دورہ پاکستان اور کویت کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں بہتری کے لیے معاون ثابت ہوگا۔


وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی دو روزہ دورے پر کویت روانگی کے لیے ایئرپورٹ پہنچے تو انہوں نے وی آئی پی راستے کے بجائے عام مسافروں کے لیے مختص راستے سے جانے کا انتخاب کیا۔وزیرخارجہ کو اپنے درمیان دیکھ کر ایئرپورٹ پہ موجود مسافروں نے اظہار مسرت کیا اور مخدوم شاہ محمود قریشی کے ہمراہ سیلفیاں بھی بنائیں۔