شاہین آفریدی نے بھارت سے میچ پر نظریں جما لیں

شاہین آفریدی نے بھارت سے میچ پر نظریں جما لیں

ناٹنگھم :شاہین شاہ آفریدی نے بھارت سے میچ پر نظریں جما لیں، وہ اسے عمدہ کارکردگی سے یادگار بنانے کے خواہاں ہیں۔

 شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ کم عمری میں پاکستان کی نمائندگی اور خاص طور پر ورلڈ کپ میں شرکت کا موقع ملنا بڑے اعزاز کی بات ہے، میگا ایونٹ میں شریک تمام ٹیمیں بڑی مضبوط ہیں، گرین شرٹس کو بہترین کرکٹ کھیلنا ہوگی، مجھے جہاں بھی موقع ملا ٹیم کیلیے اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔

ایک سوال پر19سالہ پیسر نے کہا کہ روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ ہمیشہ ہی بڑا ہوتا ہے، میں اس مقابلے میں اپنی بہترین پرفارمنس سے پاکستان کی فتح میں یادگار کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔تجربہ کار پیسرز کا خلا پرکرنے کا اضافی دبا ﺅہونے کے سوال پر شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ آج کی کرکٹ میں فاسٹ بولر ہمیشہ پریشر میں کھیلتا ہے، میں اپنا 100 فیصد کردار ادا کرنے کی کوشش کروں گا۔

انھوں نے کہا کہ پوری ٹیم ورلڈ کپ کیلیے سخت محنت کر رہی ہے، تمام کھلاڑی عمدہ کارکردگی پیش کرنے کیلیے پر عزم ہیں۔شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ بڑے بھائی ریاض آفریدی نے    بائولنگ کے گر سکھائے، وسیم اکرم کی ویڈیوز سے خاص طور پر کلائی پوزیشن کے بارے میں سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں، وقار یونس مجھے یار کر اور سوئنگ میں بہتری لانے کیلیے مشورہ دیتے رہتے ہیں۔