کائرہ کے بیٹے اسامہ اور ان کے دوست کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

کائرہ کے بیٹے اسامہ اور ان کے دوست کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی
کیپشن: اسامہ قمر اور حمزہ بٹ کی نماز جنازہ لالہ موسیٰ میں ادا کی گئی۔۔۔۔۔۔فوٹو/ سوشل میڈیا

لالہ موسیٰ: پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ کے بیٹے اسامہ قمر اور ان کے دوست حمزہ بٹ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔اسامہ قمر اور حمزہ بٹ کی نماز جنازہ لالہ موسیٰ میں ادا کی گئی جس میں سابق صدر آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید، یوسف رضا گیلانی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور راجہ پرویز اشرف سمیت بڑی تعداد میں اہل علاقہ نے شرکت کی۔

قمر زمان کائرہ کے بیٹے اسامہ قمر اور ان کے دوست حمزہ بٹ گزشتہ روز لالہ موسیٰ میں ایک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے جب کہ اسامہ قمر کا ایک دوست حادثے میں زخمی بھی ہوا تھا۔

خیال رہے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، قائد حزب اختلاف شہباز شریف، مولانا فضل الرحمان، سراج الحق، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے قمر زمان کائرہ کے بیٹے کے انتقال پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا تھا۔