کورونا وائرس کا پھیلا ؤ روکنے کیلئے روزانہ 30 ہزار ٹیسٹ کافی ہیں، اسد عمر

کورونا وائرس کا پھیلا ؤ روکنے کیلئے روزانہ 30 ہزار ٹیسٹ کافی ہیں، اسد عمر


اسلام آباد:وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلا ؤروکنے کے لیے 30 ہزار ٹیسٹ روزانہ کرنے کی صلاحیت اطمینان بخش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہمارے پاس 25 ہزار ٹیسٹ روزانہ کرنے کی صلاحیت ہے جس میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے۔اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ رواں ماہ کے اواخر یا آئندہ ماہ کے اوائل سے ہم 30 ہزار ٹیسٹ روزانہ کرنے کے قابل ہوں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں روزانہ کی بنیاد پر 14 ہزار ٹیسٹ کیے جارہے ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ملک میں 14 ہزار سے زائد ٹیسٹ نہیں کیے جاسکتے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس وقت ہم زیادہ تر نمونے تربیتی ہسپتالوں یا پاکستان میں داخل ہونے والے مسافروں سے حاصل کررہے ہیں، ہمیں امید ہے کہ تربیتی ہسپتالوں کے علاوہ دیگر ہسپتال بھی جلد نمونے اکٹھے کر کے بھیجنے کا آغاز کردیں گے جس نے ٹیسٹس کی تعداد بڑھ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلا وکی رفتار کا اندازہ لگانے اور اس کے مطابق مستقبل کی حکمت عملی تشکیل دینے کے لیے 30 ہزار ٹیسٹ روزانہ کی تعداد کافی ہے۔

اس سے قبل انہوں نے اعلان کیا تھا کہ (لاک ڈاون کے اعلان کے) 2 ماہ کے اندر روزانہ ٹیسٹ کی تعداد 30 گنا بڑھ چکی ہے۔خیال رہے کہ پاکستان میں مارچ کے وسط تک 500 سے کم ٹیسٹ کیے جارہے تھے لیکن گزشتہ چند روز سے روزانہ 14 ہزار ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔