شہباز فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ سمیت ریفرنسز پر سماعت 14 جون تک ملتوی

شہباز فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ سمیت ریفرنسز پر سماعت 14 جون تک ملتوی
کیپشن: شہباز فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ سمیت ریفرنسز پر سماعت 14 جون تک ملتوی
سورس: فائل فوٹو

لاہور: احتساب عدالت میں شہباز فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ ، آشیانہ اقبال اور رمضان شوگر ملز ریفرنسز پر سماعت 14 جون تک ملتوی کر دی گئی۔

احتساب عدالت میں شہباز شریف خاندان سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ ،آشیانہ اقبال اور رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت ہوئی، حمزہ شہباز اور شہباز شریف سمیت دیگر ملزمان نے پیش ہوکر حاضری مکمل کرائی۔

شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا وہ عدالت میں پیش ہونے کے لیے اسلام آباد سے خصوصی طور پر آئے ہیں اور لاہور میں کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ لمبی تاریخ دی جائے جس پر عدالت نے تینوں ریفرنسز میں سماعت 14 جون تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ہاٸی کورٹ کے تین رکنی بنچ نے شہباز شریف کی آمدن سے زاٸد اثاثے اور منی لانڈرنگ ریفرنس میں ضمانت منظور کر کے پچاس، پچاس لاکھ کے دو مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔ 

خیال رہے مسلم لیگ ن کے رہنما شہباز شریف کی ضمانت پر رہائی کے سلسلے میں لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے تحریری فیصلہ جاری کیا گیا تھا، فیصلے میں شہباز شریف کی ضمانت ایک جج نے منظور اور ایک نے مسترد کی تھی  جس کے بعد ان کی ضمانت کھٹائی میں پڑ گئی،

واضح رہے شہباز شریف کو ستمبر 2020 کو لاہور ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت خارج ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا۔