سعودی عرب نے پاکستان پر عائد سفری پابندیاں ختم کردیں

سعودی عرب نے پاکستان پر عائد سفری پابندیاں ختم کردیں
سورس: file photo

ریاض,سعودی حکومت نے پاکستان سے سفری پابندیاں ختم کردیں ۔عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے بھارت سمیت 13 ممالک پر سفری پابندیاں برقرار رکھیں لیکن فہرست سے پاکستان کانام نکال دیا ۔ 

وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والی فہرست میں شام، لیبیا، لبنان، ترکی، آرمینیا، یمن، صومالیہ، وینزیلا، جمہوریہ کانگر، بیلا روس اور افغانستان شامل ہیں۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے وزارت داخلہ نے بھارت سمیت 13 ممالک پر عائد کی جانے والی سفری پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا جبکہ اس فہرست سے پاکستان کے نام کو نکال دیا گیا۔

وزارتِ داخلہ نے شہریوں کے نام جاری پیغام میں کہا کہ انہیں مذکورہ ممالک  سے سفر کرنے کے لیے پیشگی اجازت لینا ہوگی۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق وزارتِ داخلہ کی جانب سے اُن شہریوں کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے گی جنہوں نے ویکسین کی دونوں خوراکیں حاصل کرلی ہیں۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل سعودی عرب نے عائد کی جانے والی سفری پابندیاں ختم کیں، جس کے بعدملک بھر کے تمام ایئرپورٹس، بندرگاہوں اور سرحدی چوکیوں کو سعودی شہریوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

سفری پابندیاں ختم ہونے کے بعد ریاض کے کنگ خالد ایئر پورٹ سے پہلی پرواز  مقامی وقت کے مطابق رات ایک بجے کے بعد روانہ ہوئی۔ محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ’اُن سعودی شہریوں کو سفر کی اجازت ہوگی، جنہوں نے ویکسین کی دونوں خوراکیں حاصل کرلی ہیں جبکہ ایک خوراک لینے والے وہ افراد بھی سفر کرنے کے اہل ہوں گے جو  ٹیکہ لگوانے کے بعد چودہ دن گزار چکے ہیں‘۔

بتایا گیا تھا کہ کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کو سفر کی اجازت ہوگی جبکہ اٹھارہ برس سے کم عمر سعودی شہریوں کو سفر کی مشروط اجازت دی جائے گی‘۔ سعودی محکمہ ہوابازی نے شہریوں کو ہدایت کی کہ پرواز سے تقریبا چار گھنٹے پہلے ایئر پورٹ پہنچیں، مسافر کے علاوہ کوئی دوسرا ایئرپورٹ آنے کی زحمت نہ کرے، معذور مسافر کے ساتھ ایک شخص کو جانے کی اجازت دی جائے گی۔