سونے کی فی تولہ قیمت میں 800 روپے اضافہ

سونے کی فی تولہ قیمت میں 800 روپے اضافہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: پاکستان بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 800 روپے کا اضافہ ہوگیا ہے جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ 7,250 روپے ہو گئی ہے۔ 
سندھ صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت 800 روپے اضافے کیساتھ 1 لاکھ 7 ہزار 250 روپے ہوگئی ہے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 686 روپے اضافے کے بعد 91,950 روپے ہو گئی ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قدر 17 ڈالر اضافے سے 1866 ڈالر فی اونس ہے۔
واضح رہے کہ عیدالفطر کی طویل چھٹیوں کے بعد پیر کو کاروباری ہفتے کے پہلے روز سونے کی فی تولہ قیمت میں 450 روپے اضافہ ہوا اور فی تولہ سونے کی قیمت 1 لاکھ 6,450 روپے ہو گئی ہے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 386 روپے اضافے کیساتھ 91,264 روپے ہوئی۔ 
دوسری جانب پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کا دوسرا مثبت دن رہا اور 100 انڈیکس 185 پوائنٹس اضافے سے 45ہزار 981 پر بند ہوا۔ کاروباری دن میں ہنڈریڈ انڈیکس کی بلند ترین سطح 46ہزار 034 رہی،بازار میں آج 53 کروڑ شیئرز کے سودے 23 ارب میں طے ہوئے، مارکیٹ کیپٹلائزیشن 33 ارب روپے بڑھ کر 7910 ارب روپے ہے۔