لاہور میں روٹی 4 روپے اضافے کے بعد 12 روپے کی ہو گئی

لاہور میں روٹی 4 روپے اضافے کے بعد 12 روپے کی ہو گئی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: ملک بھر میں مہنگائی کے طوفان نے عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے اور دو وقت کے کھانے کو ترستی عوام کیلئے اب روٹی کی قیمت میں بھی 33 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے جو 8 روپے کے بجائے 12 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔ 
نجی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے لاہور میں روٹی کی قیمت میں 4 روپے اضافے کا اعلان کیا ہے۔ نان روٹی ایسوسی ایشن کے صدر آفتاب گل نے کہا کہ مہنگا آٹا خرید کر 8روپے کی روٹی فروخت نہیں کر سکتے اس لئے روٹی کی قیمت میں اضافہ مجبوری ہے۔ 
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ حکومت کی جانب سے رواں برس پنجاب میں ریکارڈ گندم کی پیداوار کا دعویٰ کیا جا رہا اور بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں 2 کروڑ میٹرک ٹن گندم پیدا ہوئی ہے لیکن عام مارکیٹ میں آٹے کے نرخ میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث روٹی کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے۔