پنجاب اسمبلی میں فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف متفقہ قرارداد منظور

پنجاب اسمبلی میں فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف متفقہ قرارداد منظور
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پنجاب اسمبلی نے فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کر لی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فلسطین میں حالات کی خرابی کا ذمہ دار اسرائیل ہے اور ہمیں اپنے مفادات سے بالاتر ہو کر عملی میدان میں آنا ہو گا۔ 
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں فلسطین کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی قرارداد وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے پیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ فلسطین میں حالات کی خرابی کا ذمہ دار اسرائیل ہے، فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، ہمیں اپنے مفادات سے بالاتر ہو کر عملی میدان میں آنا ہوگا۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پوری دنیا میں ایک ارب 65 کروڑ مسلمان بستے ہیں جو اتنی بڑی قوت ہیں کہ اگر ایک ہو کر آوازبلند کریں تو دنیا میں ان کی بات سنی جائے گی۔ قرارداد میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں خواتین اور بچوں کے بہیمانہ قتل کی بھرپور مذمت کی گئی اور ایوان نے مظلوم فلسطینی بھائیوں کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ 
قرارداد میں کہا گیا کہ اسرائیل نے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں نہتے مسلمانوں پر بدترین تشدد کیا، مسجد اقصیٰ سمیت مقدس مقامات کی بے حرمتی کی گئی، اسرائیل اس سب کیساتھ نہتے شہریوں پر حملہ کرکے جنگی جرائم کا مرتکب ہوا ہے۔
پنجاب اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ مقدس مقامات کی بے حرمتی بند، بے گناہ اور نہتے شہریوں پر حملے فوری روکے جائیں، عالمی برادری بھی اسرائیلی جارحیت رکوانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے جبکہ سلامتی کونسل قیام امن کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔