پاکستان اور ترکی کا نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کیخلاف مشترکہ طور پر آواز اٹھانے کا فیصلہ 

پاکستان اور ترکی کا نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کیخلاف مشترکہ طور پر آواز اٹھانے کا فیصلہ 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

انقرہ: پاکستان اور ترکی نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی ظلم و ستم اور بربریت کیخلاف مشترکہ طور پر آواز اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ 
وفاقی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے منگل کو انقرہ میں اپنے ترک ہم منصب میولوت چاوش اولو سے ملاقات کی جس دوران فلسطین میں امن و امان کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ ترک وزیر خارجہ نے  او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شاہ محمود قریشی کے خطاب اور پاکستان کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں کی مسلسل اور بھرپور حمایت کو سراہا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فلسطین کے معاملے پر ترک صدر رجب طیب اردوان اور ترک حکومت کے ٹھوس اور واضح موقف کی تعریف کی اور کہا کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں، رمضان المبارک اوعیدالفطر کے دوران فلسطین میں پرتشدد واقعات کے تسلسل سے پوری امت مسلمہ دل گرفتہ ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر ہم پاکستان میں 21 مئی کو فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے “یوم یکجہتی فلسطین” کے طور پر منا رہے ہیں۔

دونوں وزرائے خارجہ نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت اور فلسطینیوں کی جبراً بے دخلی کی پر زور مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کے خلاف اقوام متحدہ میں مل کر آواز اٹھانے کا فیصلہ کیا۔