وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز آج انتہائی مصروف دن گزاریں گے

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز آج انتہائی مصروف دن گزاریں گے

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف آج بھی انتہائی مصروف دن گزاریں گے اور مختلف اجلاسوں کی صدارت کرنے کے علاوہ مختلف ملاقاتیں بھی ان کے شیڈول میں شامل ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی حمزہ شہباز صبح 9 بجے وزیر اعلیٰ آفس پہنچیں گے جہاں ان سے اراکین پنجاب اسمبلی ملاقات کریں گے۔ وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز اسلام آباد میں منعقدہ نیشنل ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کے اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے۔ 
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ حمزہ شہباز لاہور شہر میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کے حوالے سے فالو اپ اجلاس کی صدارت کریں گے اور اس کے علاوہ ضلع اوکاڑہ کے اراکین اسمبلی سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ کئی اہم سیاسی شخصیات بھی وزیراعلیٰ سے ملاقات کریں گی۔ 
دوسری جانب آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کیلئے دائر کئے گئے صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد حمزہ شہباز شریف کی وزارت اعلیٰ پر سوالات اٹھنے کا سلسلہ جاری ہے اور سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار بھی متحرک ہو گئے ہیں جبکہ حمزہ شہباز شریف نے بھی قانونی مشاورت شروع کر دی ہے۔ 
واضح رہے کہ چیف جسٹس عمر عطاءبندیال کی سربراہی میں جسٹس منیب اختر، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس مظہر عالم اور جسٹس جمال خان مندوخیل پر مبنی پانچ رکنی لارجر بینچ نے فیصلہ 3,2 سے سنایا۔ 
عدالتی فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ منحرف رکن کا ووٹ شمار نہیں ہو گا، نااہلی کی مدت کے تعین کا اختیار پارلیمینٹ کا ہے، پارلیمینٹ اس حوالے سے قانون سازی کرے، اگر کوئی منحرف رکن پارٹی ہدایت کے خلاف ووٹ دیتا ہے تو وہ ووٹ عدم اعتماد، آئین میں ترمیم، منی بل میں شمار نہیں ہو گا۔ 

مصنف کے بارے میں