کھلونے سے ساڑھے 3 کروڑ روپے مالیت کا نایاب سکہ نکل آیا،

 کھلونے سے ساڑھے 3 کروڑ روپے مالیت کا نایاب سکہ نکل آیا،

لندن: برطانیہ میں ایک شخص کو اپنے چار سالہ بچے کے کھلونے سے ملکی تاریخ کے نایاب ترین سکے ملے جسے آج 2 لاکھ 70 ہزار پاؤنڈز یعنی ساڑھے 3 کروڑ پاکستانی روپے میں فروخت کردیا گیا۔

35 سالہ شخص کو 30 سال پہلے اپنے بچپن میں مرحوم دادا نے 300 سالہ پرانے کوئین اینی ویگو پانچ گنی کے سکے دیے تھے۔ ابھی جب اس نے اپنے بچے کو بھی "خزانے کی تلاش" کا یہی کھلونا دلایا تو دراز سے وہی سکے نکال کر بچے کو کھیلنے کے لیے دیے۔ لیکن اسے اندازہ ہوا کہ یہ سکے نقلی نہيں ہیں حالانکہ وہ ہمیشہ انہیں نقلی ہی سمجھتا رہا۔ یہی وجہ ہے کہ اس نے ایک ماہر کو یہ سکے دکھائے۔

ماہر گریگری ٹونگ نے بتایا کہ نام ظاہر نہ کرنے والے شخص کے پاس پانچ گمشدہ سکوں میں سے ایک سکہ تھا جو برطانیہ میں 1702ء میں ویگو کی جنگ میں ہسپانوی بحری جہازوں سے حاصل کیے گئے خزانے کے سونے سے بنائے تھے۔ انہوں سے اسے اندازاً 2 سے ڈھائی لاکھ پاؤنڈز کا ابتدائی اندازہ دیا۔ آج اس سکے کی نیلامی 2 لاکھ 70 ہزار برطانوی پاؤنڈز میں ہوئی۔

ٹونگ نے بتایا کہ جب میں نے اس شخص کو اندازاً قیمت بتائی تو اسے یقین نہیں آیا۔ وہ تصدیق کے لیے اگلے دن پھر لوٹ کر آیا۔ اس نے بتایا کہ "دادا نے کافی دنیا گھوم رکھی تھی اور انہیں سکہ جمع کرنے کا بھی شوق تھا۔ وہ مجھے کھیلنے کے لیے کافی سکے دیتے رہتے تھے جو میرے بڑے ہونے کے ساتھ درازوں اور ڈبوں میں جاتے رہے اور تب نکلے جب دادا کا انتقال ہوا۔ میں نے ان سکوں کو جمع کیا اور اندر محفوظ کرلیا یہ سوچ کر کہ اپنے بچوں کو کھیلنے کے لیے دوں گا۔"

یہ سکہ 314 سال پرانا تھا اور برطانوی تاریخ کا پہلا سکہ بھی کہ جس میں کسی جیتی گئی جنگ کا نام شامل تھا۔