میرا جسم اب پہلے جیسا نہیں رہا، معروف شخصیت کا انکشاف

 میرا جسم اب پہلے جیسا نہیں رہا، معروف شخصیت کا انکشاف

نیو یارک: معروف ریسلر  بل گولڈ برگ 12 سال کے طویل عرصے کے بعد ایک بار پھر ڈبلیو ڈبلیو ای واپس آئے اور 20 نومبر کو سروائیور سیریز میں بروک لینسر کے مدمقابل آئیں گے۔اس میچ کا پرستاروں کو شدت سے انتظار ہے مگر اس بڑے مقابلے سے چند روز قبل بل گولڈ برگ نے اعتراف کیا ہے کہ وہ رواں ہفتے پیر کو منڈے نائٹ را میں بروک لیسنر سے دوبدو ہونے کے موقع پر انجری کا شکار ہوگئے ہیں۔

اس شو میں بروک لیسنر اور گولڈ برگ کا آمنا سامنا ہوا تھا اور ان کے درمیان سیکیورٹی گارڈز تعینات تھے۔اس موقع پر گولڈ برگ نے گارڈز کو مار کر بھگا دیا تھا جبکہ بروک لینسر رنگ سے باہر چلے گئے تھے۔ تاہم اب گولڈ برگ نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ اس شو میں حصہ لینے کے دوران وہ انجری کا شکار ہوگئے ہیں تاہم وہ اتوار کو شیڈول مقابلے میں شرکت کے لیے پرامید ہیں۔

جون 1997 سے دسمبر 1998 تک 160 مقابلوں میں ناقابل شکست رہنے والے گولڈ برگ نے بارہ سال بعد ڈبلیو ڈبلیو ای واپسی میں کہا تھا کہ ممکنہ طور پر یہ آخری بار ہے جب وہ شائقین کے سامنے لڑتے نظر آئیں گے۔حالیہ انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا ' میرا جسم اب پہلے جیسا نہیں رہا اور میں اپنے حریف کے حوالے سے فکرمند ہوں، را میں میرے کندھے میں جھٹکا آگیا، مگر اس کا مطلب یہ نہیں سروائیور سیریز میں حصہ نہیں لے سکوں گا بلکہ میں لیسنر کو دھول چٹانے کے لیے تیار ہوں'۔

واضح رہے کہ بروک لیسنر بھی کافی عرصے سے ڈبلیو ڈبلیو ای کے مقبول ترین ریسلرز میں سے ایک مانے جاتے ہیں اور کافی عرصے سے کسی میچ میں شکست کا سامنا بھی نہیں کیا۔