نوجوان گرم اور تیزابی پانی میں گر کر جاں بحق

 نوجوان گرم اور تیزابی پانی میں گر کر جاں بحق

واشنگٹن: رواں سال جون میں امریکا کے مشہور یلو اسٹون نیشنل پارک میں مرنے والا شخص دراصل تیزابی پانی میں مکمل طور پر گھل گیا تھا۔ وہ پارک کے ایک چشمے کے گرم پانی میں ڈبکی لگانا چاہ رہا تھا لیکن اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ اس واقعے کی تحقیقات اب منظر عام ہوئی ہيں اور تفصیلات نے بھیانک انکشافات کیے ہیں۔

23 سالہ نوجوان کی موت کے بارے میں ابھی تک بہت کچھ واضح نہیں تھا، صرف یہ معلوم تھا کہ وہ منگل کے ایک دن شام میں نورس گیزر بیسن کے ایک چشمے میں گرگیا تھا اور جب بدھ کو دیکھا گیا تو اس کے جسم کی ایک بوٹی تک موجود نہیں تھی، وہ مکمل طور پر پانی میں گھل گیا تھا۔ یلو اسٹون کے عملے کے مطابق بہت مختصر وقت میں اس کا جسم گل کر ختم ہو گیا تھا۔

کولن اسکاٹ نامی اس نوجوان کی موت پر ہونے والی تحقیقات منظرعام پر آ گئی ہیں جن سے پتہ چلا ہے کہ کولن اپنی بہن سیبل اسکاٹ کے ساتھ جون میں نورس گیزر بیسن کے ایک چشمے تک پہنچا تھا تاکہ وہ اس میں ڈبکی لگا سکے۔ یہ بہت خطرناک عمل ہے جس پر پارک کے اندر پابندی بھی عائد ہے۔

کولن نے پارک کے اندر حفاظتی گزر گاہیں عبور کیں اور ایک گرم چشمے تک پہنچا۔ اس نے پانی کا درجہ حرارت جانچنے کے لیے جیسے ہی اس میں ہاتھ ڈالا پھسل کر چشمے میں جا گرا۔ بہن کے مطابق وہ جھکا، اس کا پیر پھسلا اور وہ سیدھا حوض میں گرگیا۔ بدقسمتی سے یہ چشمہ نہ صرف پارک کے گرم ترین چشموں میں سے ایک تھا بلکہ اس کا پانی سب سے زیادہ تیزابی بھی تھا۔

امدادی عملے کو فوری طور پر طلب کیا گیا جنہوں نے حوض میں کولنز کی لاش پڑی ہوئی دیکھی، لیکن طوفانی بارش کی وجہ سے اسے نکالنا ممکن نہیں تھا۔ اگلے دن تک پانی میں کچھ نہیں بچا، اس کی لاش پگھل کر مکمل طور پر ختم ہو چکی تھی۔

یلو اسٹون نیشنل پارک میں 1890ء سے لے کر اب تک 22 افراد گرم چشموں کی وجہ سے مارے گئے ہیں۔ آخر یہ چشمے اتنے خطرناک کیوں ہیں؟ اصل میں یہ پارک ایک متحرک بڑے آتش فشاں کے اوپر واقع ہے، جس کی سطح کے نیچے لاوا ابل رہا ہے۔ اسی کی وجہ سے علاقے کے چشمے گرم ہیں۔

یہ چشمے اتنے گرم تو ہیں ہی کہ قریب سے گزرتے ہوئے انسانوں کی جلد کو جلا سکتے ہیں، لیکن پارک کو تمام چشموں میں سے گرم نورس گیزر بیسن ہے۔ یہاں پانی کا درجہ حرارت 121 درجہ سینٹی گریڈ ہے جبکہ 100 درجے پر پانی ابل جاتا ہے۔ لیکن صرف گرم ہونا ہی اس پانی کا واحد خطرہ نہیں ہے۔ علاقے کے پانی کے دیگر ذخائر کے مطابق میں نورس گیزر بیسن کا پانی بہت تیزابی ہے۔

اس لیے یلو اسٹون آنے والے تمام افراد کو خبردار کیا جاتا ہے کہ وہ ان گرم چشموں کا رخ نہ کریں۔ یہ جان لیوا بھی ہو سکتا ہے جیسا کہ کولن کی جان لے لی۔