نوجوانوں کی بہبود کے لیئے خیبرپختونخواہ یوتھ پالیسی کا مسودہ شائع

نوجوانوں کی بہبود کے لیئے خیبرپختونخواہ یوتھ پالیسی کا مسودہ شائع

ڈیرہ اسماعیل خان:صوبائی حکومت نے صوبہ میں نوجوانوں کی بہبود کے لیئے خیبرپختونخواہ یوتھ پالیسی کے مسودے کو حتمی شکل دینے کے بعد شائع کردیا گیا، یوتھ پالیسی کی اشاعت کے بعد جلد ہی اس کو باقاعدہ لانچ کیا جائے گا، خیبرپختونخواہ یوتھ پالیسی کی اشاعت پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ پرویز خٹک، صوبائی وزیر امور نوجوانان و کھیل محمود خان، اور صوبائی سیکریٹری امور نوجوانان و کھیل و سیاحت محمد اعظم خان نے انتہائی خوشی کااظہار کرتے ہوئے اسے صوبائی حکومت کی ایک اہم کامیابی قرار دیا، صوبہ خیبرپختونخواہ کی یوتھ پالیسی پر کام کا آغاز تقریبا سات سال قبل شروع ہوا تھا، اس منصوبہ کے لیئے یو این ایف پی اے کی معاونت حاصل کی گئی تھی جس کے تکنیکی امور پر راہنمائی برگد نامی سماجی تنظیم سے حاصل کی گئی تھی، صوبہ خیبرپختونخواہ میں نوجوانوں کی بہبود اور انہیں قومی دھارے میں اعلیٰ مقام دلوانے کو صوبائی حکومت نے تحریک انصاف کے منشور کے مطابق اپنی اولین ترجیح قرار دیا تھا، اسی تناظر میں صوبائی یوتھ پالیسی کی اشاعت کو خاصی اہمیت دی جا رہی ہے، یوتھ پالیسی کی اشاعت پرصوبائی وزیر امور نوجوانان محمود خان نے اپنے ایک پیغام میں سیکریٹری امور نوجوانان، کھیل و سیاحت اعظم خان، یو این ایف پی اے کے نمائندہ برائے پاکستان ڈاکٹر حسن مہتشمی ، ڈپٹی نمائندہ مس سارہ مسالے، مس سعدیہ عطاء محمود، ایچ بی ایس جرمنی کی کنٹری ڈائریکٹر مس مارین ریجینا ملر، لیڈ کنسلٹنٹ اقبال حیدر بٹ، کوآرڈینیٹر خیبرپختونخواہ یوتھ پالیسی ڈاکٹر شہباز اسرار اور سماجی تنظیم برگد کی سربراہ مسز صبیحہ شاہین کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے، خیبرپختونخواہ یوتھ پالیسی میں صوبہ میں نوجوانوں کو درپیش معاشی ، معاشرتی، تعلیمی، اور صحت سے متعلق درپیش چیلنجز ، صوبہ میں اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے مسائل، صوبہ میں نوجوانوں کی بہتری کے لیئے صوبائی اور اضلاع کی سطح پر مراکز کے قیام ، سیاحت ، کھیلوں کے فروغ میں نوجوانوں کو آگے لانے، ان کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کے لیئے حکومتی سطح پر اقدامات اٹھانے کے حوالے سے امور پر توجہ دی گئی ہے ۔