پاک بحریہ نے  بھارتی آبدوز کو پاکستانی حدود میں داخلے سے روک دیا

پاک بحریہ نے  بھارتی آبدوز کو پاکستانی حدود میں داخلے سے روک دیا

کراچی: بھارت زمینی فوج کے ساتھ ساتھ آبدوزیں بھی پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق  پاکستان نیوی نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارتوں کے ساتھ ہر دم چوکنا رہتے ہوئے کامیابی سے بھارتی آبدوزکا سراغ لگا کر اُسے پاکستانی سمندری علاقے میں داخل ہونے سے روک دیا۔

ترجمان پاک بحریہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ 'پاک بحریہ کے فلیٹ یونٹس نے پاکستان کے سمندری علاقے کے جنوب میں بھارتی آبدوز کی موجودگی کا سراغ لگایا اور اس کی نقل و حرکت کو محدود کر دیا'۔

مزید کہا گیا کہ 'پاکستان نیوی نے بھارتی آبدوز کی اپنی موجودگی کو خفیہ رکھنے کی ہر کوشش کو نا کام بنا دیا، نیوی فلیٹ یونٹس نے آبدوز کا مسلسل تعاقب کیے رکھا اور اُسے پاکستانی پانیوں سے دور دھکیل دیا'۔

ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ 'مذموم عزائم کے حصول کے لیے ہندوستانی فوج کے ساتھ ساتھ بھارتی بحریہ بھی اپنی آبدوزوں کو پاکستان کے خلاف تعینات کر رہی ہے'۔ ترجمان کے مطابق یہ اہم کارنامہ پاکستان نیوی کی اینٹی سب میرین وار فیئر کی اعلیٰ صلاحیتوں کامنہ بولتا ثبوت ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع کے لیے پاک بحریہ ہر لمحہ مستعد و تیار ہے اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔