کرپٹ ٹولہ پاناما کیس میں ضرور پھنسے گا،سراج الحق

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ کرپٹ ٹولہ پانامہ کیس میں ضرور پھنسے گا۔دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا'ملک سے کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک جماعت اسلامی عدالتی اور عوامی سطح پر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی

کرپٹ ٹولہ پاناما کیس میں ضرور پھنسے گا،سراج الحق

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ کرپٹ ٹولہ پانامہ کیس میں ضرور پھنسے گا۔دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا'ملک سے کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک جماعت اسلامی عدالتی اور عوامی سطح پر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ کرپٹ ٹولہ پانامہ کیس میں ضرور پھنسے گا۔ملک سے کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک جماعت اسلامی عدالتی اور عوامی سطح پر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔صوبہ بہاولپور جنوبی پنجاب کے عوام کا حق ہے جسے مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے مسلسل نظر انداز کیا ۔وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم سے جنوبی پنجاب کے عوام کے اندر شدید احساس محرومی پایا جاتا ہے ۔حکومت نے ترک صدر طیب اردوان کو ریاست کی بجائے خاندانی مہمان بنا کر قومی یکجہتی اور وقار کو شدید نقصان پہنچایا ہے ۔قومی قیادت ترک صدر سے گفتگو کرنا چاہتی تھی جس کا موقع نہیں دیا گیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہاولپور میں سابق امیر جماعت اسلامی پنجاب اورپنجاب اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹرسید وسیم اختر کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ڈاکٹر سید وسیم اختر بھی موجود تھے ۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ مقدمہ کے فیصلے سے پہلے ہی بغلیں بجا کر تاثر دے رہے ہیں کہ انہوں نے میدان مار لیا ہے ،جب کیس کا فیصلہ آئے گا تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں موجود کچھ لوگ یہ ثابت کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ احتساب صرف وزیر اعظم اور ان کے خاندان کا ہوگا اور باقی سب لٹیرے صاف بچ جائیں گے مگر یہ تمام خوش فہمیاں اس وقت دم توڑ جائیں گی جب وزیراعظم اور ان کے خاندان کے بعد دوسروں کی باری آئے گی ۔