بھارتی آبدوز کے ارادے خطرناک تھے ، اللہ نے پاکستان کو بڑے خطرے سے بچالیا، دفاعی تجزیہ کار

سینئر دفاعی تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ اللہ نے پاکستان کو بڑے خطرے سے بچالیا، بھارتی آبدوز خطرناک ارادوں سے پاکستان میں داخل ہونا چاہتی تھی۔ دفاعی تجزیہ کارکموڈور ریٹائرڈ عبیداللہ نے بھارتی آبدوز کی پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنانے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ آبدوز میں بھارتی انٹیلی جنس کے دہشت گرد موجود تھے

بھارتی آبدوز کے ارادے خطرناک تھے ، اللہ نے پاکستان کو بڑے خطرے سے بچالیا، دفاعی تجزیہ کار

اسلام آباد: سینئر دفاعی تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ اللہ نے پاکستان کو بڑے خطرے سے بچالیا، بھارتی آبدوز خطرناک ارادوں سے پاکستان میں داخل ہونا چاہتی تھی۔ دفاعی تجزیہ کارکموڈور ریٹائرڈ عبیداللہ نے بھارتی آبدوز کی پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنانے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ آبدوز میں بھارتی انٹیلی جنس کے دہشت گرد موجود تھے. ان کا ہدف پاکستان میں بلوچستان کو ٹارگٹ بنانا تھا۔کموڈور ریٹائرڈ عبیداللہ کا مزید کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں سی پیک کو نقصان پہنچانا اور تجارتی مفادات کو متاثرکرنا چاہتے تھے.

کموڈور (ر)عبیداللہ کا کہنا ہے کہ یہ بھارت کی انتہائی مہلک سب میرین تھی، بھارتی نیوی کا ٹارگٹ بلوچستان کا ساحلی علاقہ ہے. بھارت سی پیک منصوبے کونقصان پہنچانا چاہتا ہے۔ ایک اور دفاعی تجزیہ نگار ایڈمرل(ر)تسنیم احمدکا کہنا ہے کہ بھارتی سب میرین کے پاکستان آنے کے3 سے4 مقاصد ہوسکتے ہیں. پاک بحریہ نے مستعدی سے بھارتی سب میرین کاسراغ لگایا، پوری دنیا میں آبدوز کے ذریعے معلومات اکھٹی کی جاتی ہے.ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا بھارت نے پانی کے نیچے سے کبوتر بھیجا تھا جو کہ ہم نے پکڑلیا۔انہوں نے یہ بھی کہا پاک بحریہ اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے بھارت کو ہرقسم کی محاذ آرائی کا منہ توڑ جواب دینے کی قوت رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ پاک بحریہ نے جمعہ کوپاکستانی سمندری علاقے میں بھارتی آبدوز کی موجودگی کا سراغ لگا کر انھیں اپنی سمندری حدود میں داخل ہونے سے روک دیا اور بھارتی نیوی کے مذموم عزائم ناکا م بنادیئے .