پاکستانی ہاکی ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت مل گئی

پاکستانی ہاکی ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت مل گئی

اسلام آباد : حکومت پاکستان نے پی ایچ ایف کو بھارت میں ہونے والے جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کیلئے ٹیم بھیجنے کی اجازت دے دی ہے۔ سیکریٹری پی ایچ ایف شہباز سینئر کا کہنا ہے کہ قومی جونیئر ہاکی ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے بھرپور تیار ہے۔پی ایچ ایف حکام کے مطابق حکومت پاکستان نے پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ٹیم بھارت بھجوانے کی اجازت دے دی ہے.

ایک انٹرویو میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری شہباز احمد نے کہا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے قومی ٹیم کو جونیئرورلڈ کپ میں شرکت کے لیے این اوسی جاری کردیا ہے. ذرائع کے مطابق قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے ویزوں کا عمل بھی جاری ہے اور دستاویزات بھارتی ہائی کمیشن میں جمع ہو چکے ہیں۔ پی ایچ ایف ذرائع کا کہنا ہے کہ اٹھارہ کھلاڑیوں اور سات آفیشلز کے ویزے آئندہ چند روز میں مل جائیں گے۔دوسری جانب سیکریٹری پی ایچ ایف شہباز سینئر کا کہنا ہے کہ قومی جونیئر ہاکی ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے بھرپور تیار ہے اور قومی ٹیم ایونٹ میں بہتر کارکردگی دکھائے گی۔ واضح رہے کہ جونیئر ہاکی ورلڈ کپ آٹھ سے اٹھارہ د سمبرتک بھارتی شہر لکھنو میں کھیلا جائے گا.