افغانستان میں بچوں کے ریپ کے معاملات کو نظر انداز کیا جائے : امریکہ

افغانستان میں بچوں کے ریپ کے معاملات کو نظر انداز کیا جائے : امریکہ

واشنگٹن:امریکی محکمہ دفاع نے امریکی افواج کو افغانستان میں بچوں کے ریپ کے معاملات کو نظر انداز کیے جانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ان کی ثقافتی طور پر قبول کی گئی رسم ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی محکمہ دفاع کے ذیلی ادارے انسپکٹر جنرل کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا کہ ثقافتی شعور کے حوالے سے افغانستان میں تعینات امریکی اہلکاروں کی ٹریننگ کے مرحلے میں یہ بات سامنے آئی کہ بچوں کا ریپ کیا جانا افغانستان میں ثقافتی طور پر قبول کی گئی رسم ہے۔


انسپکٹر جنرل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ان کے مشاہدات کا مقصد ایسے مخصوص حکم یا ضابطہ اخلاق تیار کرنا نہیں ہے جس سے بچوں کے ساتھ ریپ کے واقعات کو رپورٹ کرنے کے حوالے سے اہلکاروں کی حوصلہ شکنی ہو۔افغانستان میں تعینات امریکی فوجی اہلکاروں نے بتایا کہ چونکہ افغانستان ایک خودمختار ملک ہے لہذا امریکی افواج بچوں کے ریپ کے معاملے پر کوئی اقدامات نہیں کر سکتی۔


ان اہلکاروں کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکی فوجی کو دی جانے والی ہدایت سے ایسے عمل کی حوصلی شکنی کو ترجیح نہیں دی گئی ہے تاہم اس میں بہتر یہی ہے کہ صورت حال کو نظر انداز کیا جائے اور معاملے کو مقامی پولیس کو نمٹنے دیا جائے۔خیال رہے کہ امریکی اخبار دی نیویارک ٹائمز کی جانب سے شائع کی گئی ایک رپورٹ میں پینٹاگون پر الزام لگایا گیا تھا کہ پینٹاگون نے مبینہ طور پر امریکی افواج کو افغان پولیس اور ملٹری حکام کی جانب سے بچوں کے ساتھ ریپ کے واقعات کی رپورٹ کرنے سے روک دیا ہے۔رپورٹ میں مزید دعوی کیا گیا تھا کہ کچھ امریکی فوجیوں کو ایسے واقعات کو رپورٹ کرنے پر سزائیں بھی دی گئی ہیں۔