ابوظہبی ٹیسٹ تیسرا دن ختم، ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے بغیر کسی نقصان کے 37 رنز

ابوظہبی ٹیسٹ تیسرا دن ختم، ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے بغیر کسی نقصان کے 37 رنز

ابوظہبی ٹیسٹ :تیسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے ہدف کے تعاقب میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 37 رنز بنا لیے ہیں اور اسے جیت کے لیے مزید 139 رنز درکار ہیں۔

 تفصیلات کے مطابق اس سے قبل نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 249 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی جب پہلی اننگز میں 74 رنز کی برتری کی بدولت پاکستان کو جیت کے لیے 176 رنز کا ہدف ملا تھا۔

کھیل کے تیسرے روز نیوزی لینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 56 رنز سے اپنی نامکمل اننگز آگے بڑھائی تو کیوی کپتان کی رووال کے ساتھ مضبوط پارٹنر شپ بڑے اسکور کا پیش خامہ محسوس ہورہی تھی تاہم قومی بولرز نے شاندار بولنگ کی بدولوت تمام خطرات کو ٹال دیا اور حریف بلے بازوں کو جم کر بیٹنگ کرنے کا موقع نہ دیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے واٹلنگ 59 ، نکولس 55 اور رووال 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ ولیمسن 37، ٹیلر 19، گرینڈ ہومے 3، سوڈھی 18،وینگر صفر، اور بولٹ بغیر کوئی اسکور میں اضافہ کیے آؤٹ ہوئے۔

لیگ اسپنر یاسر شاہ نے اسپن جال بجھاتے ہوئے 5 شکار کیے جب کہ حسن علی کے حصے میں 4 وکٹیں آئیں۔

پہلی اننگز میں قومی بولرز کی شاندار بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم صرف 153 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی تاہم پاکستانی ٹیم اس کا بھرپور فائدہ نہیں اٹھاسکی اور 227 رنز پر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

کھیل کے دوسرے روز پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو27 کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز امام الحق اور محمد حفیظ پویلین لوٹ گئے، حفیظ 20 اور امام الحق 6 رنز ہی بناسکے جب کہ کھیل کے دوسرے دن حارث سہیل اور اظہر علی بھی پہلے سیشن میں ہی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، حارث 38 اور اظہر علی 22 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

بابراعظم اور اسدشفیق نے ملکر 83 رنز کی شراکت قائم کی تاہم اسد شفیق کی 43 رنز ہی بناسکے جس کے بعد کپتان سرفرازاحمد بیٹنگ کے لیے لیکن وہ صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، بلال آصف کی اننگز بھی 11 رنز تک محدود رہی اور یاسر شاہ 2 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ بابراعظم 62 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں 0-3 سے فتح حاصل کی تھی جب کہ ون ڈے سیریز بارش ہوجانے کے باعث 1-1 سے برابر رہی۔